کراچی ( اسپورٹس رپورٹر )زمبابوے نے سولومون میر کی عمدہ سنچری کی بدولت سری لنکا کو انہی کے ہوم گراؤنڈ پر اپ سیٹ شکست دے کر نئی تاریخ رقم کرنے کے ساتھ ساتھ پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری بھی حاصل کر لی۔گال میں 17 سال بعد کھیلے جا رہے پہلے ون ڈے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جسے بلے بازوں نے درست ثابت کر دکھایا اور سری لنکا نے 316 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔سری لنکا کی جانب سے کشال مینڈس 86، اپل تھارنگا 79، دنشکا گناتھیلاکا 60 اور اینجلو میتھیوز نے 43 رنز بنائے۔بڑے ہدف کے تعاقب میں زمبابوین ٹیم جلد ہی ہملٹن مساکاڈزا اور کریگ ارون کی خدمات سے محروم ہو گئی لیکن اس کے بعد سولومون میر اور شان ولیمز نے 161 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی بنیاد رکھی۔سولومون میر 112 اور ولیمز 65 رنز بنانے کے بعد چند گیندوں کے فرق سے پویلین لوٹے تو زمبابوے کی فتح کی امیدیں ماند پڑتی نظر ا?نے لگیں لیکن اس کے بعد سکندر رضا اور میلکم والر نے 102 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو 14 گیندوں قبل ہی کامیابی سے ہمکنار کرا کے بڑا اپ سیٹ کردیا۔سکندر نے 67 اور والر نے 40 رنز کی اننگز کھیلیں۔یہ اب سری لنکن سرزمین پر حاصل کیا گیا سب سے بڑا ہدف ہے اور اس سے قبل سب سے بڑے ہدف کے حصول کا اعزاز میزبان سری لنکا کے پاس تھا جس نے 2009 میں دمبولا کے مقام پر پاکستان کے خلاف 289 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔سولومون میر کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔