لاہور (کامرس رپورٹر) فرٹیلائزر سیکٹر نے حکومت کی جانب سے گزشتہ دو برسوں سے یوریا اور کھاد کی قیمتوں پر سبسڈی کی مکمل رعایت فراہم نہ کرنے پر تشویش کااظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ سبسڈی کی ادائیگی میں اسی تاخیر کے باعث فرٹیلائزر کمپنیاں شدید مالی دباؤ کا شکار ہو گئی ہیں۔ حکومت کی جانب سے حال ہی میں اعلان کردہ وفاقی بجٹ میں ایک بار پھر فرٹیلائزر سیکٹر کیلئے سبسڈی کا اعلان کیا گیا،تاہم یہ حکومتی اعلان کسانوں کو فائدہ پہنچانے کے عزم سے زیادہ سیاسی شعبدہ بازی دکھائی دیتا ہے کیونکہ اس سبسڈی کی فراہمی کیلئے نہ تو کسی واضح پالیسی کا اعلان کیا گیا ہے اور نہ ہی اس ضمن میںمتعلقہ وزارت کو ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔وفاقی بجٹ میں فرٹیلائزر سیکٹر کیلئے سبسڈی کے اعلان کے باوجود کوئی بھی وزارت اس کی ذمہ داری لینے سے گریزاں ہے جبکہ ابھی بھی فرٹیلائزر سیکٹر کیلئے اعلانہ کردہ گزشتہ سبسڈی کے 20ارب روپے ہنوز واجب الادا ہیں،سبسڈی کی ادائیگی میں اسی تاخیر کے باعث فرٹیلائزر کمپنیاں شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کمپنیوں کی جانب سے حکومت کی اعلان کردہ نئی سبسڈی اسکیم میںکسی قسم کی دلچسپی کا اظہار نہیں کیا جارہا ،ان تما م تر چیلنجز کے باوجود یہ امر بھی باعث افسوس ہے کہ حالیہ بجٹ میں فرٹیلائزر سیکٹر کیلئے اعلانہ کردہ سبسڈی کے حوالے سے نہ تو وزارت خوراک نوٹیفکیشن جاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے اور نہ ہی اس حوالے سے وزارت خزانہ متحرک دکھائی دیتی ہے ،30جون کو گزشتہ مالی سال کا آخری روز ہے اور اگر فوری طور پر اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری نہ کیا گیا تو متعلقہ وزارت کو اعلان کردہ 156ارب روپے کی سبسڈی سے دستبردار ہونا پڑسکتا ہے جس کے باعث مقامی کسانوں کے ساتھ ساتھ فرٹیلائزر کمپنیوں کو بھی نقصا ن پہنچے گا اور مقامی طلب کیلئے یوریا اور کھاد درآمد کرنا پڑسکتی ہے جوکہ ملکی خزانے پر بوجھ ہوگا ،یہاں یہ بات اہم ہے کہ رواں برس کو زیادہ یوریا کھاد کے استعمال کے ذریعے زیادہ فصل حاصل کرنے کے حوالے سے بہترین قرار دیا جارہا ہے ،تاہم مہنگی کھاد کے سبب ابھی تک کاشتکار وں نے یوریا اور کھاد کی خریداری نہیں کی ہے ،ان حالات کو دیکھتے ہوئے فرٹیلائزر مینو فیکچررز آف پاکستان ایڈوائزری کونسل نے متعلقہ وزارتوں اور محکموں سے رابطہ کرکے جلد از جلد نوٹفکیشن جاری کرنے کی استدعا کی ہے ،کونسل کا کہنا ہے کہ اگر حکومتی ادارے ہی اس اسکیم کے حوالے سے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرینگے تو فرٹیلائزر کمپنیاں اس اسکیم کی اونر شپ کس طرح سے لے سکتی ہیں ،لہذا حکومت فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے نئی سبسڈی اسکیم کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کرکے ابہام دور کرے۔