بورے والا (نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ہے‘ وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرکے ارکان کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں،کاغذات میں ٹمپرنگ سے جعل سازی کی کوشش ہو رہی ہے، شریف خاندان جے آئی ٹی کے سامنے منی ٹریل یا کوئی بھی نیا ثبوت پیش نہیں کر سکا، جے آئی ٹی کو چاہئے کہ وہ بغیر کسی دبائو کے دیانتداری سے اپنی رپورٹ مقررہ مدت میں مکمل کرکے عدالت میں پیش کر دے اور عدالت میرٹ پر فیصلہ کر دے پوری قوم اس فیصلے کی منتظر ہے اس میں مزید تاخیر نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے‘ اگر حکومتی توقعات کے برعکس فیصلہ آتا ہے تو حکومت کے پاس دو ہی راستے ہیں یا وہ اپنی پارٹی کے کسی دوسرے شخص کو وزیراعظم نامزد کر دے اور اپنی مقررہ مدت پوری کرلے دوسری صورت میں حکومت اسمبلیاں تحلیل کرکے قبل ازوقت الیکشن کا اعلان کر دے اب یہ حکومت پر منحصر ہے کہ وہ کونسا راستہ اختیار کرتی ہے میرے علم میں یہ بات آئی ہے کہ (ن) لیگ اس وقت شدید اندورنی اختلافات کا شکار ہے،(ن)لیگ کے اندر کسی بات پر اتفاق رائے ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواحی گائوں321ای بی میں اپنے ملازم شوکت پڈھیار کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مخدوم زین محمود قریشی، سٹی صدر پی ٹی آئی ملک فاروق احمد اعوان، تحصیل جنرل سیکرٹری چوہدری اعجاز اسلم، سٹی نائب صدر ملک امتیاز احمد، اور چوہدری سجاد احمد کاہلوں بھی موجود تھے۔