اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے الیکشن کیلئے ہماری تیاری مکمل ہے لیکن مقابلے کا اصول ہے مخالف کو کمزور نہ سمجھا جائے پارٹی ٹکٹ صرف انہیں دئے جو الیکشن جیت سکتے تھے چار ہزار سے زیادہ افراد نے پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواست دی ہر ایک کو ٹکٹ نہیں دے سکتے تھے خواتین کی مخصوص نشستوں پر ٹکٹوں کی تقسیم ایک عذاب ہے خواتین نے پارٹی کیلئے جتنا کام کیا انہیں بھول نہیں سکتا کارکنوں کا ٹکٹوں کی تقسیم پر احتجاج دیکھ کر مجھے تکلیف پہنچتی ہے میری21 سال تک زندگی کھیل کے میدان میں گزری جانتا ہوں الیکشن کی کبھی اتنی تیاری نہیں تھی جتنی آج ہے لیکن جن لوگوں کو ٹکٹ نہیں ملا وہ مایوسی کا شکار نہ ہوں وعدہ کرتا ہوں اقتدار ملا تو فوری ایف بی آر ٹھیک کروں گا اور سالانہ آٹھ ہزار ارب روپے ٹیکس اکٹھا کروں گا سرکاری خرچے کم کئے جائیں گے محلات میں نہیں رہیں گے حکومت کے پہلے ہی دن بڑی کرپشن ختم کردوں گا 300 ارب روپے کی منی لانڈرنگ ہوئی۔ نواز شریف اور زرداری کے پیسے باہر پڑے ہیں جس سے ملک میں روپے کی قدر کم ہوئی ہے۔ نواز شریف نے موٹر وے سے پیسہ بنایا ‘ نوازشریف اور زرداری نے ملک میں ایسا کوئی ہسپتال نہیں بنایا جہاں وہ علاج کرا سکتے وہ علاج کیلئے باہر جاتے ہیں جب اسحٰق ڈار نے ہسپتال سے اپنی ایسی تصویرچلائی تو ؤمجھے بھی اس پر ترس آنے لگاتھا شہباز شریف بھی ہردوسرے دن علاج کیلئے بیرون ملک جاتے ہیں لیکن ہم تمام بہن بھائی پاکستان کے سرکاری ہسپتال میں پیدا ہوئے۔ میں نے کے پی کے میں ہیلتھ کارڈ دیئے اورسرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی تعداد بڑھائی جب اوپر کرپشن ختم ہوگی تونیچے خود بخود ہوجائے گی وزیر اعظم اور وزراء بڑی کرپشن کرتے ہیں 25 جولائی کو اللہ موقع دے پورے ملک میں درخت لگائیں گے سب تیار ہوجائیں انتخابی مہم چلائیں عوام آپ کا ساتھ دیں گے عمران خان نے ان خیالات کا اظہار کنونشن سینٹر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا شوکت خانم میں کینسر کے علاج کی مشین خریدنے میں کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں لیکن شفاف خریدی جاتی ہے لیکن سرکاری شعبے میں ایسی مشینری خریدنے میں کرپشن ہوتی ہے ملک میں ماحولیاتی تبدیلی سے گرمی بڑھ رہی ہے ہمیں نئے درخت لگانے ہیں ملک میں پانی بڑا مسئلہ بن چکا ہے لوگ پانی خرید کر استعمال کرنے پر مجبور ہیں پینے کیلئے صاف پانی نہیں ہر سال دو لاکھ بچے گندا پانی پینے سے مرجاتے ہیںملکی قرضہ چھ ہزار ارب سے27 ہزار ارب تک پہنچ گیا ہے ملک میں کونسا اثاثہ ہے جس سے یہ قرضہ اتاریں گے میں سب سے پہلے ایف بی آر ٹھیک کروں گا تاکہ ٹیکس کا پیسہ آسکے نواز شریف ملک کو مقروض کرکے خود امیر ہوگئے ہیں اس وقت نواز شریف کے بیٹے لندن میں600 کروڑ کے گھر میں رہتے ہیں ہم اداروں کو مضبوط کریں گے عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے امیر اور غریب کیلئے قانون ایک بنائیں گے انہوں نے کہا اب آپ لو گ الیکشن مہم پر نکلیں۔ جس پارٹی کے سربراہ کا پاکستان میں جینا مرنا نہیں عوام اسے ووٹ نہ دیں۔نوائے وقت رپورٹ الیکشن جیتنے کی تیاری کرلی، اس بار جتنی تیاری ہے ماضی میں کبھی نہیں تھی، ٹکٹ نہ پانے والے نظریاتی کارکنوں کو بعد میں ایڈجسٹ کیا جائیگا، عام انتخابات کے بعد پارٹی میں الیکشن کرائیں گے۔ ٹکٹ دینے میں بڑے عذاب سے گزرا، چار ہزار لوگوں نے ٹکٹ کیلئے اپلائی کیا، ساڑھے 6 سو یا 7 سو لوگوں کو ٹکٹ دیئے۔ کسی خاتون کو اس وقت مخصوص نشست کا ٹکٹ نہیں ملے گا جب تک وہ پارٹی الیکشن لڑکر اوپر نہ آئے۔ انہوں نے مزید کہا خواتین کیلئے مخصوص نشستوں کے ٹکٹ جتنا بڑا عذاب تھا میں دوبارہ اس میں نہیں پڑنا چاہتا۔ انہوں نے کہا میں صرف دو چیزیں کروں گا ،میں ملک کے ادارے ٹھیک کروں گااور عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہوگا ، ہمارے اقتدار کے پہلے دن ہی بڑی کرپشن ختم ہوجائے گی، یہ کرپشن ہے جو وزیراعظم اور وزراء کرتے ہیں۔ چھوٹی کرپشن ختم کرنے میں وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا اب تبدیلی کا وقت آ گیا ہے، ہماری کبھی ایسی تیاری نہ تھی جو اس وقت ہے۔ 23 جولائی کو پریڈ گرائونڈ میں جلسہ ہو گا۔پارٹی ٹکٹوں کے معاملے پر بیگم نے کہاتین ہفتوں میں مجھے بوڑھا ہوتے ہوئے دیکھا۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا نوازشریف اور زرداری کے 10 سال میں ڈالر 60 روپے سے 129 کا کردیا گیا۔ ڈالر جب بڑھتا ہے تو روپے کی قیمت کم ہو جاتی ہے۔ شریف خاندان کا پیسہ بیرون ملک ہے انہیں کوئی نقصان نہیں، روپے کی قدر میں کمی سے انہیں کوئی پریشانی نہیں۔ جب یہ لوگ ووٹ مانگنے آئیں تو ان سے یہ سوال ضرور پوچھیں زرداری اور نواز شریف کے دس سالہ دور میں قرض 27 ہزار ارب تک پہنچ گیا۔ مجھے بتائیں یہ 27 ہزار ارب روپے کا قرضہ کیسے اترے گا؟ سوال یہ ہے ملک مقروض ہو گیا اور ان کو کوئی تکلیف نہیں ہو رہی۔ انکا پیسہ تو باہر پڑا ہے جو بڑھ رہا ہے، ان کو کیا تکلیف ہو گی۔ سرمایہ کاری کرپشن کی وجہ سے آنا رک گئی ہے۔آئی این پی کے مطابق عمران خان آج اتوار کو بنوں میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
عمران خان