لاہور (نوائے وقت نیوز+ سٹاف رپورٹر) سابق ڈی جی ایل ڈی اے احمد چیمہ کے گرد گھیرا تنگ ہو گیا۔ نیب لاہور نے راوی پراجیکٹ پر بھی تحقیقات شروع کر دی۔ جبکہ احمد چیمہ کے نئے وارنث گرفتاری جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیب حکام کے مطابق منصوبے کے سروے کیلئے بلیک لسٹ کمپنی کی خدمات لی گئیں تھیں۔ نیب نے تحقیقات کیلئے احمد چیمہ کے نئے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ احمد چیمہ کو دوبارہ گرفتار کرنے کی منظوری نیب بورڈ کے اجلاس میں دی گئی ہے۔ اس سے قبل نیب لاہور نے آشیانہ ہاﺅسنگ سکینڈل میں ایل ڈی اے کے سابق ڈی جی احد چیمہ سمیت 6 افراد کے خلاف کرپشن ریفرنس دائر کیا تھا۔ احد چیمہ اور دیگر پر الزام ہے کہ انہوں نے غیر قانونی طریقے سے ناصرف جائیدادیں بنائیں بلکہ پیراگون سٹی کے غیر قانونی ٹھیکوں کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔ دریں اثنا نیب نے پنجاب پولیس میں گھپلوں میں ملوث افسران کیخلاف تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نیب نے گھپلوں میں ملوث پنجاب پولیس کے کرپٹ افسران کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور اس حوالے سے نیب لاہور کی جانب سے آئی جی پنجاب کو خط لکھا گیا ہے جس میں سازوسامان کی خریداری کی تفصیلات اور ملوث افسران کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ نیب لاہور نے سینئر پولیس آفیسر کی انکوائری رپورٹ کی بنیاد پر پنجاب پولیس میں 2012ءسے 2015ءکے دوران بلٹ پروف اور سردیوں کے جیکٹس کی خریداری کی چھان بین، ڈولفن ہیلمٹس، ہتھکڑیوں،چھتریوں اور اینٹی رائٹس فورس کے سامان کی خریداری میں مبینہ گھپلوں اور پولیس افسران نے کرپشن کے ذریعے ہاﺅسنگ سوسائٹی میں گھر اور بنگلے بنانے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
احد چیمہ / وارنٹ