اسلم رئیسانی، اظہار کھوسہ کیخلاف ریفرنس کیلئے کیس چیئر مین کو بھجوانے کا فیصلہ

کوئٹہ(صباح نیوز) قومی احتساب بیورو بلوچستان کے ریجنل بورڈ کا اجلاس ڈائر یکٹر جنرل نیب بلوچستان مرزا محمد عرفان بیگ کی زیر صدارت ہوا ، اجلاس میں سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کے اختیارات کے ناجائز استعمال اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے کیس میں ریفرنس کی منظوری کے لئے متعلقہ کیس چیئرمین نیب کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں گندم خرد برد کیس میں سابق وزیر خوراک اظہار کھوسہ کے خلاف ریفرنس اوراختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں بلوچستان اسمبلی کے اعلیٰ افسران کے خلاف مزید تحقیقات کی چیئرمین نیب سے منظوری کا فیصلہ کیا گیا۔ ریجنل بورڈ کے اجلاس میں سابق سیکرٹری سی این ڈبلیو علی احمد مینگل کے کروڑوں کے ناجائز اثاثہ جات کیس، سرکاری زمین میں کروڑوں روپے کی خرد برد کے کیس میں ڈی جی ٹیریڑی آفس علی گل کرد و دیگر کے خلاف تحقیقات کی منظوری کے لئے چیئرمین نیب کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ غیرقانونی بھرتیوں میں کیسکو افسران کے خلاف تحقیقات کے لئے بھی چیئر مین سے منظور ی لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈی جی نیب کی زیر صدارت اجلاس کے دوران60 کروڑ سے زائد کے غیر قانونی اثاثہ جات کیس میں اسٹور انچارج واسا عامر لطیف رانا کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا جبکہ محکمہ لوکل گورنمنٹ اور ڈائر یکٹر ڈویلمپنٹ آفس کوئٹہ کے افسران کے خلاف پانی کی سکیموں میں 12 کروڑ کی خرد برد کی تحقیقات کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ٹینٹ کی خریداری میں محکمہ پی ڈی ایم اے کے افسران اور محکمہ خوراک قلعہ عبداللہ اور ژوب میں کروڑوں کی گندم خرد بردکیس جبکہ کروڑوں روپے کے ناجائز اثاثہ جات کیس میں اسٹنٹ ڈائر یکٹر فوڈ شیر زمان ترین اور اختیارات کے ناجائز استعمال کیس میں چئیرمین میونسپل کمیٹی نصیر آباد کے خلاف بھی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن