لاہور (سٹاف رپورٹر+نامہ نگاران ) لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش، چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے کمسن لڑکی سمیت 11 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ فیصل آباد، چیچہ وطنی، ہارون آباد، ساہیوال ، عارفوالہ، گجرات، چنیوٹ، فیروزوالہ، شیخوپورہ، ایمن آباد اور دیگر شہروں میں بارش سے سڑکیں، گلیاں، بازار پانی میں ڈوب گئے۔ دریں اثنا حادثات میں لاہور کے علاقہ گڑھی شاہو بوہڑ والا چوک کے قریب ریلوے کوارٹرز کی بوسیدہ چھت زوردار دھماکے سے گر گئی جس کے نتیجے میں 55 سالہ معراج جاں بحق جبکہ نوجوان عامر زخمی ہوگیا۔ ہارون آباد بارش سے محنت کش فیاض کے گھر کی چھت گر گئی جس سے اسکی کمسن بیٹی عمارہ جاں بحق بیوی جبکہ بیوی اور بیٹا زخمی ہوگئے۔ شاہکوٹ کے نواحی گائوں کری والا میں 28 سالہ آفاق بجلی کا بورڈ ٹھیک کررہا تھا کہ کرنٹ لگنے سے دم توڑ گیا۔ ننکانہ صاحب کی کینیڈا کالونی میں لیسکو ملازم جیمس مسیح یو پی ایس کا کنکشن تبدیل کررہا تھا کہ کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگیا۔ چیچہ وطنی میں بیکری کی چھت گرنے سے 12 سالہ لڑکا مدثر جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق موٹر مارکیٹ جھنگ روڈ پر بارش کے دوران کام کرتے کرنٹ لگنے سے 20 سالہ الیکٹریشن احمد خالد کو زوردار کرنٹ کا جھٹکا لگا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ گوجرہ میں موچیوالہ روڈ اصطبل کالونی کے سلطان علی کے گھر کی چھت گرنے سے اسکا بیٹا فریاد جاں بحق جبکہ اسکی اہلیہ، بیٹی اور چھوٹا بچہ شدید زخمی ہوگئے جبکہ چک 419/ ج ب کا 50 سالہ محنت کش امین بارش کے دوران مویشیوں کیلئے چار تیار کرتے مشین میں کرنٹ آنے سے جاں بحق ہوگیا۔ فیروزوالہ میں جی ٹی روڈ کی آبادی رانا ٹائون میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے 22 سالہ الیکٹریشن الطاف کھرل جبکہ کالا خطائی میں نوجوان عادل ٹوکے پر چارہ کاٹ رہا تھا کہ اچانک مشین میں کرنٹ آنے سے جاں بحق ہوگیا۔ علاوہ ازیں مرادے میں ٹیوب ویل پر کام کرنے والا یعقوب بھی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔ متوفی گجرات کا رہنے والا تھا۔حویلی لکھا کے محلہ پیر اسلام کے رہائشی شخص کا کمسن بچہ بارش میں کھیل رہا تھا کہ پانی میں کرنٹ آنے سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ وزیرآباد میں مکان کی بوسیدہ چھت زمین بوس ہوگئی جس سے 23 سالہ چھت گرنے سے کمسن بچی سمیت 32سالہ خاتون زخمی ہوگئی۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بارش کے باعث تین گھروں کی چھتیں گرنے سے پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ چنیوٹ میں کمرہ گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے۔