سیلفی کا شوق، کراچی کا نوجوان دریائے سوات میں ڈوب گیا، نعش 6 گھنٹے بعد مل گئی

سوات (آئی این پی)سیلفی کے شوق میں کراچی سے سیاحت کے لیے گیا نوجوان دریائے سوات میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ مسلسل 6 گھنٹے امدادی کارروائی کے بعد لاش نکالی گئی۔تھانہ کلاکوٹ پولیس کے مطابق کراچی کے علاقہ کورنگی سے تعلق رکھنے والا نوجوان شیراز اہل خانہ کے ہمراہ گھومنے پھرنے سوات آیا تھا۔ باغ ڈھیرئی کے مقام پر نوجوان نے دریا کنارے چٹان پر وڈیو بنانا شروع کی ۔اس دوران اچانک 19 سالہ شیراز کا پائوں پھسل گیا اور وہ دریائے سوات کی بے رحم موجوں کے نذر ہوگیا۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی اہل علاقہ، پولیس اور امدادی کارکنان نے نوجوان کی تلاش شروع کردی۔ مسلسل 6 گھنٹے امدادی کارروائی کے بعد نوجوان کی لاش کو تحصیل کبل کے علاقہ ننگولئی کے مقام پر دریا سے نکال لیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن