اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر سید فیصل صالح حیات نے ان خبروں کو قطعی طور پر غلط، بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ وہ جھنگ سے آزاد امیدوار کے طور پر انتخابات میں حصہ لیں گے۔ پیپلزپارٹی کے میڈیا آفس سے جاری کئے گئے بیان میں سید فیصل صالح حیات نے کہا کہ میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ اور تیر کے نشان پر الیکشن لڑ رہا ہوں۔ میں پیپلزپارٹی کا حصہ ہوں اور مجھے اس پر فخر ہے۔ مخدوم فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ میرے خلاف حقائق کے منافی خبریں چلانے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتا ہوں۔ اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کے پی کے جنرل سیکرٹری فیصل کریم کندی نے بھی کہا ہے کہ NA-38 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ اور تیر کے نشان پر الیکشن لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ NA-37 کے حوالے سے میڈیا پر آنے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔