پانی کا ممکنہ بحران، ذخائر کا تحفظ کیلئے صوبہ کے پاس بہترین لائحہ عمل ہونا چاہئے، نگران وزیراعلیٰ خیبر پی کے

Jul 01, 2018

پشاور ( آن لائن)خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) دوست محمد خان نے مستقبل میں پانی کے ممکنہ بحران کے پیش نظر سطحی، دریائی، زمینی، سیلابی، گھریلو اور سب سائل سمیت پانی کے تمام ذخائر کا تحفظ یقینی بنانے، دریائوں میں مضر صحت پانی گرانے کے خلاف قانون بنانے اور صوبے میں قابل زراعت رقبے کا بریک اپ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے تیز رفتاری سے پگھلتے ہوئے گلشیرز کی حفاظت کیلئے شارٹ ٹرم، مڈٹرم اور لانگ ٹرم منصوبہ بندی کی ہدایت کی اور کہا ہے کہ آبی ذخائر کے تحفظ کیلئے صوبے کے پاس بہترین لائحہ عمل ہونا چاہئے۔ پیداواری استعداد میں اضافے اور کسانوں کی مناسب تعلیم و تربیت کی بھی ہدایت کی۔ انہوںنے صوبے میں زیر تعمیر سمال ڈیمز کی تیز رفتار تکمیل اور کم تخمینہ لاگت مگر زیادہ فائدہ رکھنے والے ڈیمز کو ترجیح دینے اور وسائل واپس کرنے کے بجائے زیر تعمیر ڈیمز اور عوامی مفاد کے حامل جاری دیگر منصوبوں کی تکمیل کیلئے استعمال میں لانے کی ہدایت کی۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اجلاس کی صدار ت کر رہے تھے۔

مزیدخبریں