کراچی(نیوزرپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان سندھ حکومت اور واٹر بورڈ کے خلاف میدان میں آ گئی ۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینروفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پینے کا صاف پانی ہر حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہوتی ہے، کراچی کو سازش کے تحت پانی فراہم نہیں کیا جا رہا۔کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے یہ کہا۔ کہ ایم کیو ایم کا قصور پڑھے لکھے متوسط نوجوانوں کو اسمبلیوں میں بھیجنا تھا۔ خالد مقبول نے کہا کہ ریاست کی دوسری ذمہ داری تحفظ ہے، انھوں نے کہا کہ جبر کرنے والے تھک چکے ہیں، اب انھیں آپ کی ضرورت ہے، آئیں سندھ کے شہری علاقوں کے عوام مہاجروں کو ان کا حق دلائیں۔کنوینر ایم کیو ایم پاکستان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کا 70 برس کا قرض اگر کوئی اتار سکتا ہے تو وہ ایم کیو ایم ہے۔خیال رہے ایم کیو ایم پاکستان نے شہر قائد میں پانی کے بحران کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا تھا، کراچی میں قلت آب کا مسئلہ گمبھیر شکل اختیار کر چکا ہے، ایم کیو ایم پاکستان کا مؤقف ہے کہ کراچی میں پانی کی چوری اور غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے شہر بوند بوند کو ترس گیا ہے۔