اپوزیشن احتجاج پہلے کام آیا نہ اب آئیگا، سسٹم کی تبدیلی ہی بہتری کی ضامن ہے: صمصام

Jul 01, 2019

لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ ملک میں سٹیٹس کو اور تبدیلی کی قوتوں میں کشمکش جاری ہے، عوام پرانے نظام اور اس کے حامیوں کو ان کی تمام تر خرابیوں سمیت ہمیشہ کیلئے الوداع کرنا چاہتے ہیں مگر کرپشن کے عادی روایتی سیاستدان وقت کے پہیے کو الٹا گھمانے کیلئے پورا زور لگا رہے ہیں، کرپشن کیلئے واویلا کرنیوالے ایسے عناصر تبدیلی کا راستہ نہیں روک سکتے، تبدیلی اور وزیراعظم عمران خان کی مخالفت میں آج بھی وہی جماعتیں اکٹھی ہیں جو ماضی میں تھیں۔ اپنے ایک بیان میں سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ سسٹم کی تبدیلی ہی ملکی معیشت میں بہتری کی ضامن ہے۔ فرسودہ نظام کو ابھی نہیں تو کبھی نہیں کی بنیاد پر بدلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ملکی ترقی و خوشحالی کا روڈ میپ دے دیا ہے پی ٹی آئی حکومت ملک کو معاشی لحاظ سے اپنے پائوں پر کھڑا کر رہی ہے صوبائی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کا احتجاج پہلے کسی کام آیا نہ اور نہ اب آئے گا بجٹ منظوری کی طرح اپوزیشن آئندہ بھی حکومت کا راستہ نہیں روک سکے گی۔ ملکی حالات دن بدن بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں