ٹیم میں گروپنگ کا الزام ، تمام سازشیں بے نقاب ، قوم کو مایوس نہیں کرینگے: سرفراز احمد

Jul 01, 2019

لندن (سپورٹس رپورٹر )پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمدنے کہا ہے کہ انگلینڈ آنے سے قبل وزیر اعظم عمران خان سے جب بنی گالا میں ملاقات ہوئی تھی تو عمران بھائی نے کہا کہ آپ لوگ جتنے مثبت رہو گے اور اپنے آپ پر یقین رکھو کہ ہم کرسکتے ہیں تو یقینی طور پر کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔اس بات نے ہمیں خود اعتمادی اور حوصلہ دیا، ان کی یہ لائن ہمارے اس مشن میں سب سے اہم ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے ہمیں دلیری سے لڑنے کا مشورہ دیا تھا۔ ہم کوشش کررہے ہیں وزیر اعظم کے مشوروں پر عمل کریں ان کا نکتہ ہمیں اس مشن کی تکمیل میں بہت آگے لے جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر عمران خان بھی ورلڈ کپ پر ہمیں مبارک باد کے پیغامات بھیج کر ہمارے حوصلے بلند کررہے ہیں۔ وہ ہمیشہ مجھے اور میری ٹیم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ اپنے ٹوئٹس میں وہ بڑے مثبت ریمارکس دیتے ہیں۔ یہ نیک شگون ہے کہ پورا ملک ٹیم کی سپورٹ میں کھڑا ہوا ہے، میں بھی یقین دلاتا ہوں کہ یہ ٹیم قوم کی توقعات پورا کرے گی اور مایوس نہیں کرے گی۔ سوفیصد کارکردگی دیں گے اور آخری گیند تک فائٹ کریں گے۔انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور ایم ڈی وسیم خان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت پر بورڈ کے دونوں بڑوں نے مجھے پوری سپورٹ دی۔ دونوں نے ہر کھلاڑی اور کوچنگ سٹاف کی حمایت کی۔ ہر میچ کے بعد مانی صاحب اور وسیم بھائی کا پیغام آتا ہے کہ آپ ڈٹے رہیں۔ اپنا بہترین دینے کی کوشش کریں۔بھارت کے خلاف میچ کے بعد ہم اچھی پوزیشن پر کھڑے ہوئے ہیں۔ یہ کارکردگی کسی ایک کھلاڑی کی کوشش نہیں ہے۔ یہ مکمل طور پر ٹیم سپرٹ کا نتیجہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کا خصوصی کرم اور رحمت ہمارے ساتھ ہے۔ ناقدین نے ہمیں ٹارگٹ کیا اور اللہ تعالی نے ہمارا ہاتھ تھام لیا۔ اس لئے کہتے ہیں کہ مارنے والے سے بڑا بچانے والا ہوتا ہے۔ اللہ کا کرم اور لڑکوں کی محنت رنگ لارہی ہیاور ہم اچھی پوزیشن میں ہیں، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھی اسی کرم کی وجہ سے ہماری ڈوبتی ہوئی کشتی کنارے لگ گئی۔اس وقت ٹیم میں کمال یکجہتی ہے کھلاڑی ایک دوسرے کو سپورٹ کررہے ہیں۔ ٹیم کو گرانے کے لئے ٹیم میں گروپنگ کی کہانیاں گھڑی گئیں، اللہ کا شکرہے تمام سازشیں بے نقاب ہوئیں۔ ٹیم نے اپنی کارکردگی سے ثابت کردکھایا کہ ہر ٹیم کی طرح ہم بھی برا کھیل سکتے ہیں لیکن کوئی گروپنگ نہیں ہے۔

مزیدخبریں