اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نالائق، نااہل، چور اور سلیکٹڈ وزیراعظم کو گھر جانا ہو گا، عمران خان اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے، عمران صاحب نواز شریف کا نام لینے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانک لیا کریں، عمران خان کی قومی اسمبلی میں حالیہ تقریر سے ظاہر تھا کہ اِن کے گھبرانے کا وقت ہوا جاتا ہے، منگل کو وزیراعظم عمران خان کے قومی اسمبلی سے خطاب پر اپنے ردعمل میں مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب وزیراعظم کی کرسی عوام سے مضبوط ہوتی ہے۔عمران صاحب فارن فنڈنگ اکانٹس سے پیسے منگوائیں آپ اور الزام نواز شریف اور شہباز شریف پر؟۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کے 128 ارب کے کھڈے آپ کھودیں گھنٹے اور الزام نواز شریف اور شہباز شریف پر؟، عمران صاحب چینی چوری مافیا خود اور الزام نواز شریف اور شہباز شریف پر؟، عمران صاحب آٹا چوری آپ نے کیا اور الزام نواز شریف اور شہباز شریف پر؟ عمران صاحب آج کشمیر کا سودا کرنے پر قوم سے معافی مانگتے ؟ ۔ 23فارن فنڈنگ خفیہ اکائونٹس چھپانے پر معافی مانگتے؟۔ دوسری طرف پیپلز پارٹی کی سینٹر شیری رحمان نے عمران خان کی تقریر پر ردعمل میں کہا ہے کہ عمران خان فلاپ ہو چکے‘ کرپشن کے نام پر الزام تراشیاں انہیں نہیں بچا سکتیں، بی آر ٹی اور مالم جبہ کیس میں سٹے آرڈر لینے والے اخلاقیات کے درس نہ دیں۔ عمران خان اسمبلی آکر فارن فنڈنگ کیس میں کرپشن کا کب حساب دیں گے۔ عمران خان نے خود مشرف سے ایمنسٹی لی ہوئی ہے۔ عمران خان کی ہمشیرہ نے نواز شریف سے ایمنسٹی لی ہوئی ہے۔
عمران کے گھبرانے کا وقت ہو گیا‘ مریم اورنگزیب:الزام تراشیاں بچا نہیں سکتیں‘ شیری رحمان
Jul 01, 2020