اسلام آباد(نا مہ نگار)اریسمس منڈس جوائنٹ ماسٹر ڈگری اسکالرشپ (Erasmus Mundus Joint Master Degree Scholarship) کے لیے منتخب ہونے والے پاکستانی طلباء کی تعداد گزشتہ تین برسوںمیں تقریباََ تین گُنا ہو گئی ہے ۔ 2017 میں وظائف حاصل کرنے والے طلباء کی تعداد 46تھی جو 2020-21 میں بڑھ کر 126ہوگئی ہے جن میں 64لڑکے اور 62لڑکیاں شامل ہیں۔ اسکالرشپ کے تحت طلباء یورپ میں تعلیم حاصل کریں گے۔ رواں سال عالمی سطح پر کُل 2,542 اسکالرشپس میں سے 126وظائف کے حصول کے ساتھ پاکستان تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔ وظائف کے حصول میں اضافہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور پاکستان میں موجود یورپی یونین کے مشن کی جانب سے شروع کی گئی آگہی مہم کے سبب ممکن ہوا۔ وظائف کے لیے درخواستیں جمع کرانے کے لحاظ سے پاکستان دنیا میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے کیونکہ اس سال سب سے زیادہ 2,919 پاکستانی طلباء نے وظائف کے لیے درخواستیں جمع کرائیں۔ منتخب شدہ طلبائ18 یورپی ممالک کی بہترین جامعات میں تعلیم حاصل کریں گے۔ اریسمس منڈس پروگرام کا مقصد یورپی ممالک اور پروگرام میں شریک ملکوں کے مابین تعلیمی و ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے جس کے تحت انسانی وسائل کو ترویج دینے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تعاون کو فروغ دیا جاتاہے اور دنیا بھر کے اعلٰی تعلیمی اداروں کی استعداد کار میں اضافے میں مدد کی جاتی ہے۔