اسلام آباد (نیٹ نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمت مہنگی ہونے کے بعد اوگرا نے ایل پی جی بم عوام پر گرا دیا ہے۔ گیس کی قیمت چار روپے فی کلو تک مہنگی کر دی ہے۔ اوگرا نے جولائی کے لئے ایل پی جی کی قیمت میں چار روپے کا اضافہ کیا ہے۔ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 46 روپے مہنگا ہوگیا، ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 1345 روپے مقرر کی گئی ہے۔ واضح رہے جون میں ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 1298 روپے تھی۔ تین روز قبل ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے قیمت میں 5 روپے فی کلو کا اضافہ کر دیا تھا، گھریلو اور کمرشل سلنڈر بھی مہنگا ہوگیا تھا جس کا اس وقت اوگرا قیمت میں اضافے کا نوٹس لے لیا تھا۔ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے گیس کی قیمت میں ہفتے میں دوسری بار اضافہ کیا تھا اور اس اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 50 روپے جبکہ کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 200 روپے اضافہ ہوگیا تھا۔