کور کمانڈر کراچی کا دورہ سٹاک ایکسچینج ، وزیراعلیٰ کی اہلکاروں ، گارڈز کیلئے امداد ، حملے کا مقدمہ درج

Jul 01, 2020

کراچی (نوائے وقت رپورٹ/ نیٹ نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملہ ناکام بنانے والے پولیس اہلکاروں اور سکیورٹی گارڈز کے لیے امداد کا اعلان کیا ہے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے شہید پولیس اہلکار کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے اور بیٹے کو نوکری جب کہ 3 شہید سکیورٹی گارڈز کے اہل خانہ کو بھی 50 ، 50 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ شہید سکیورٹی گارڈز کے بچوں کو بھی نوکری دی جائے گی جب کہ زخمی اہلکاروں کو بھی 10،10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پولیس کے جوان اور سکیورٹی گارڈز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 8 سے 10 منٹ میں دہشت گردوں کو ختم کیا، میرے لیے بڑی بات یہ بھی ہے کہ اس دوران سٹاک ایکسچینج میں معمول کے مطابق کام ہوتا رہا۔ سٹاک ایکسچینج میں کام جاری رہنا سندھ حکومت اور پولیس پر اعتماد کا اظہار ہے، یہ ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملے سے بھی بڑا نقصان ہوسکتا تھا، دہشت گرد تاثر دینا چاہ رہے تھے کہ پاکستان کمزور ہوگیا لیکن پولیس نے ان کے عزائم ناکام بنادیے۔ علاوہ ازیں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر بخاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کور کمانڈر کراچی نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے عہدیداران سے ملاقات کی اور دہشت گردی کے واقعہ پر تبادلہ خیال کیا۔ کور کمانڈر کے دورے کے موقعے پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ مزید برآں کراچی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا، ایف آئی آر میں دہشتگردی، قتل اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملے کی تحقیقات جاری ہے، دہشتگردی کے واقعے کا مقدمہ ایس ایچ او میٹھادر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ سول لائنز میں درج کی گئی رپورٹ میں ایکسپلوزیو ایکٹ اور سندھ آرمزایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ دوسری جانب حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی طارق روڈ کے قریب سے خریدے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ہلاک ہونے والے دہشتگرد سلمان نے گاڑی 13 لاکھ روپے میں خریدی جو سی سی پی ایل سی سے کلیئر ہے، دہشتگرد ممکنہ طور پر ضلع سینٹرل سے حملہ کرنے آئے۔ڈی جی رینجرز کراچی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا اجلاس میں دہشت گردی کی حالیہ کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔ کراچی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملے کی تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے ماسٹر مائنڈ کا تعلق افغانستان کے علاقے قندھار سے تھا۔ دہشت گرد ماسٹر مائینڈ سے قندھار میں رابطے میں تھے۔ دہشت گردوں کے موبائل فون سے افغانستان کی کالز ٹریس ہوئیں دہشت گردوں کی کالز کا ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں