لاہور (کامرس رپورٹر) آل پاکستان انجمن تاجران نے ہارن بجائو، حکمران جگائو تحریک کے تحت 18 جولائی 3 بجے سہہ پہر زیرو پوائنٹ اسلام آباد سے وزیراعظم ہاؤس تک گاڑیوں کے ہارن بجا کر احتجاج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر کے مطابق ملک بھر کے تمام اضلاع سے تاجر نمائندے اپنی گاڑیوں پر زیرو پوائنٹ اسلام آباد پہنچیں گے۔ لاہور سے گاڑیوں کا قافلہ صبح 9 بجے ٹھوکر نیاز بیگ سے روانہ ہوگا۔ لاھہور کی دیگر تاجر تنظیموں سے رابطے اور تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لئے میاں خلیل عبیر کی سربراہی میں دس رکنی کمیٹی بھی بنا دی گئی۔ دیگر اراکین میں سہیل بمحمود بٹ، عبدالودود علوی ، چودھری اعجاز ، میاں ریاض ، ذوالفقار بھٹی ، حافظ رضوان بٹ ، ملک فاروق حفیظ ، وقار احمد میاں ، ملک کلیم شامل ہیں۔ نعیم میر کا کہنا تھا وفاق اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ درپیش مسائل پر مبنی فریش چارٹر آف ڈیمانڈ جاری کردیا گیا ‘ جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو واپس لینا ،تمام بند کاروبار ایس و پیز کے مطابق کھولنا، سرکاری کمرشل بلڈنگز کے تین ماہ کے کرائے کی معافی ، ہفتہ وار ایک دن تعطیل ، ریٹیل مارکیٹوں کی ٹائمنگ رات 10 بجے تک کرنے ، چھوٹے تاجروں کو بلا سود قرضے دینے سمیٹ دیگر صوبائی و وفاقی نوعیت کے ٹیکس معاملات کو فوری حل کرنے کے مطالبات شامل ہیں ،نعیم میر کے مطابق مالی مشکلات میں گھری ریاست ، معاشی ابتری کا شکار معیشت اور مہنگائی کی چکی میں پسی عوام اور بے یارو مددگار تاجر اب ریاست کے ساتھ ایک نئے سوشل کنٹریکٹ کی خواہش رکھتے ہیں ، نعیم میر نے کہا کہ ھم صرف حکومت سے نہیں بلکہ پالیسی ساز اداروں ، تھنک ٹینکس ، معاشی ماہرین ، قومی سیاسی قیادت سمیت تمام بااثر حلقوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تاجروں کے مسائل کا ادراک کیا جائے۔ حکومت کو سوچنے کیلیے مناسب وقت دے دیا ہے اب گیند حکومت کی کورٹ میں ہے۔
ہارن بجاؤ حکمران جگاؤ تحریک تاجر 18 جولائی کو وزیراعظم ہاؤس کے سامنے احتجاج کرینگے
Jul 01, 2020