اسلام آباد (نامہ نگار) سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف ایک اور مقدمہ میں بری ہوگئے۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے کیس کا محفوظ فیصلہ سنایا۔ احتساب عدالت اسلام آباد نے راجہ پرویز اشرف کو پیراں غائب رینٹل پاور کیس میں بھی بری کر دیا ہے۔ اس ریفرنس میں راجہ پرویزاشرف سمیت 8ملزم نامزد ہیں۔ دیگر ملزمان میں سابق مشیر خزانہ شوکت ترین، اسماعیل قریشی اور شاہد رفیع، طاہر بشارت چیمہ، سلیم عارف، چودھری عبدالقدیر، اقبال علی شاہ کو بھی بری کر دیا گیا ہے۔ پیراں غائب ریفرنس نیب راولپنڈی کی جانب سے 2014 میں دائر کیا گیا تھا۔ 192میگا واٹ کا رینٹل پاور پلانٹ ملتان کے علاقے پیراں غائب میں لگایا گیا تھا۔ پرویز اشرف پر بطور وزیر پانی و بجلی کرپشن اور اختیارات کے غیر قانونی استعمال کا الزام تھا۔ یاد رہے کہ احتساب عدالت نے راجہ پرویز اشرف کو ساہیوال ریفرنس میں بھی گزشتہ ہفتے بری کیا تھا۔ دوسری جانب نیب نے احتساب عدالت کا فیصلہ سپریم کورٹ چیلنج کرنے اعلان کر دیا، نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پیرا ں غائب رینٹل پاور ریفرنس ملزموں کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ عدالت نے ان ٹھوس شواہد نظر انداز کیا ہے۔ ہم اس فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائرکریں گے۔