لاہور+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ آج شام بلاول ہاؤس میں چار بجکر 15 منٹ پر پریس کانفرنس کروں گا۔ ہمیں پاکستان کیلئے وزیراعظم چاہئے بدقسمتی سے ہماری پاس پی ٹی آئی کے وزیراعظم ہیں۔ عمران خان خود کو واحد آپشن قرار دے رہے ہیں۔ پاکستان کے عوام کو عمران خان کے علاوہ کوئی بھی منظور ہے۔ اس حکومت کو اب جانا ہے۔ دریں اثناء گلگت بلتستان میں پی پی قیادت سے ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں شکست سے عمران خان اور پی ٹی آئی حکومت کے احتساب کا آغاز ہوگا۔ پیپلز پارٹی الیکشن جیتے گی۔ خود بھرپور طریقے سے انتخابی مہم چلاؤں گا۔ ہماری پارٹی کے امیدوار سماجی فاصلے کی ایس او پیز کو اختیار کرتے ہوئے انتخابی مہم چلائیں۔ اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری کو گلگت بلتستان کی قیادت نے علاقے کی مجموعی سیاسی صورت حال پر بریفنگ دی۔ بلاول نے کہا وباء کے دنوں میں بھی گلگت بلتستان میں انتخابات ہوئے تو میں خود بھرپور طریقے سے انتخابی مہم چلاؤں گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان میں ہماری پارٹی کے امیدوار سماجی فاصلے کی ایس او پیز کو اختیار کرتے ہوئے انتخابی مہم چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی انشاء اللہ گلگت بلتستان کا الیکشن جیتے گی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پنجاب کے سیاسی مشن پر لاہور پہنچ گئے ہیں۔ جہاں پارٹی کے مختلف اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری وڈیو لنک کے ذریعے کارکنوں سے بھی خطاب اور رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔ بلاول بھٹو نے کرونا سے قبل حکومت مخالف تحریک کیلئے پنجاب میں ڈیرے ڈال رکھے تھے مگر کرونا کے باعث ان کی سیاسی سرگرمیاں معطل ہو گئی تھیں۔
حکومت کو اب جانا ہوگا‘ بلاول لاہور پہنچ گئے‘ آج اہم پریس کانفرنس کریں گے
Jul 01, 2020