اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ 41 ووٹوں کی اکثریت سے بجٹ منظور ہوا جو واضح ثبوت ہے کہ پی ٹی آئی اور اتحادی متحد ہیں۔ وزیر اطلاعات شبلی فراز نے ٹویٹ میں کہا کہ بجٹ میں تجویز کردہ اقدامات سے معیشت کا پہیہ چلے گا اور روزگار کی نئی راہیں کھلیں گی۔ عالمی کساد بازاری اور ملکی معاشی چیلنجز کے تناظر میں ٹیکس فری بجٹ وزیراعظم عمران خان کی عوام دوستی کا مظہر ہے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن نے غیر یقینی کا ماحول پیدا کر کے عوام میں مایوسی پھیلانے کی ناکام کوشش کی اور اپنی سیاسی سوچ کے کھوکھلے پن کا مظاہرہ کیا۔ دریں اثناء میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا موجودہ حالات میں ٹیکس فری بجٹ پیش کرنا معجزے سے کم نہیں۔ صرف پاکستان نہیں عالمی سطح پر کڑا وقت ہے۔ ہمیں ورثے میں مفلوج معیشت ملی ۔کرونا نے نئے مسائل کو جنم دیا۔ سابق صدر اور وزیراعظم اپنا کاروبار کرنے میں لگے رہے۔ جو بیج وزیراعظم نے تحریک انصاف کی شکل میں بویا پارٹی اسی پر چلے گی۔ شوگر مافیا کے خلاف کارروائی کا آغاز ہو گیا۔ شوگر مافیا کا معاملہ ٹائم لائنز کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ اپوزیشن نے بہت شور مچایا تھا پہلے سے زیادہ اکثریت کے ساتھ بجٹ منظور کر ایا۔ اپوزیشن اب قصہ پارینہ بن چکی ہے۔ اتحادی ہمیشہ سے پی ٹی آئی کیلئے اہم رہے ہیں۔ اتحادی تحفظات کے باوجود ساتھ رہے اور حکومت کو سپورٹ کیا۔ پی ٹی آئی مدت ہی پوری نہیں کرے گی آئندہ 5برس بھی حکومت کرے گی۔ ٹیکس فری بجٹ کی وجہ سے معاشی استحکام ہماری ترجیح ہو گی۔
بجٹ کی اکثریت سے منظوری ثابت کرتی ہے پی ٹی آئی‘ اتحادی متحد ہیں‘ شبلی فراز
Jul 01, 2020