جنوبی پنجاب کیلئے 33فیصدفنڈز مختص ، سیکرٹریٹ کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری، آئی جی لگادیئے: عثمان بزدار

Jul 01, 2020

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے متعلق جنوبی پنجاب کے عوام سے کیا گیا۔ سب سے بڑا وعدہ پوراکر دیا ہے۔جنوبی پنجاب کے لئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کا تقرر کردیا گیا ہے یہ افسران آج سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔ صوبے کے پسماندہ اضلاع کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی طور پر بجٹ میں فنڈز مختص کئے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے لئے 33 فیصد فنڈز رکھے گئے ہیں اور ان رنگ فینسنگ کی گئی ہے تا کہ انہیں کسی اور مقصد کے لئے استعمال نہ کیا جا سکے۔ ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ کے لئے بجٹ میں ڈیڑھ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ وہ پنجاب اسمبلی میں صوبائی بجٹ 2020-21 ء منظور ہونے کے بعد ایوان سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ میں سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کو خراج تحسین پیش کر تا ہوں جنہوں نے احسن طریقے سے ایوان کی کارروائی چلائی۔کرونا کی وباء کے علاوہ ڈینگی، ٹڈی دل کی آفت اورسیلاب کا ممکنہ خدشہ بھی درپیش ہے جبکہ گندم خریداری اور متاثرہ بہن بھائیوں کو ریلیف فراہم کرنے کا چیلنج بھی درپیش تھا۔ ہم نے ایمانداری کے ساتھ محنت کی اور اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہم سرخرو ہوئے ہیں۔ پنجاب میں ٹڈی دل کے حملے سے 24اضلاع متاثر ہو ئے لیکن بروقت عملی اقدامات کے آغاز سے نقصانات کو بہت حد تک محدود کیا گیا۔ پنجاب میں احساس پروگرام کے تحت 165 ارب روپے کی خطیر رقم متاثرہ بہن بھائیوں کو 12 ہزار روپے فی کس کے حساب سے تقسیم کی گئی۔ کرونا ایک آزمائش بن کرسامنے آیا اور پنجاب کو 635 ارب روپے کم ریونیو ملا۔ پنجاب میں زیر تکمیل ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کیلئے 1300ارب روپے کی خطیر رقم درکار ہے ان مشکل حالات میں بھی ہم انشاء اللہ ان ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیںگے- انہوںنے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے درکار وسائل کے لئے اگلے مالی سال کے بجٹ میں 106ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ہم ریسکیو 1122کا دائرہ کار تمام تحصیلوں تک بڑھا رہے ہیں۔ 15 سال بعد ہماری حکومت نے ریسکیو ملازمین کے لئے سروس سٹرکچر اور الاؤنسز کی منظوری دی ہے۔ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ماڈل بازاروں کا دائرہ کار تحصیل لیول تک بڑھایا جا رہا ہے۔ وزیراعلی آفس کے اخراجات میں 37 فیصد کمی کی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے اراکین صوبائی اسمبلی کی ملاقات، حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا، وزیر اعلی کی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی لاہور30 جون : وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے وزیراعلی آفس میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی ۔اراکین اسمبلی نے فرداً فرداً وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے مسائل اور فلاح عامہ کے کاموں سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے اراکین اسمبلی کو مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ہمارا ہر قدم عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ہے۔ اراکین اسمبلی میرے ساتھی ہیںاور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ سابق حکمرانوں نے صوبے کے عوام کی اصل ترجیحات کو نظر انداز کیا اور ماضی میں ذاتی نمائش کیلئے منصوبوں پر قومی وسائل ضائع کئے گئے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر مہر محمد اسلم بھروانہ، اراکین پنجاب اسمبلی نذیر احمد خان، سردار اویس خان دریشک، محمد وارث عزیز، خیال احمد، رانا شہباز احمد، سیمابیہ طاہر، شاوانہ بشیر، مسرت جمشید، فرحت فاروق، آسیہ امجد، طلعت فاطمہ نقوی، شاہینہ کریم، زینب عمیر اور مومنہ وحید شامل تھیں۔
لاہور(سپیشل رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں آفیسرز کی تعیناتی کر دی گئی۔ زاہد زمان کو جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا پہلا ایڈیشنل چیف سیکرٹری تعینات کر دیا گیا۔ انعام غنی کو ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ مقرر کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد تقرری کی گئی۔ مزید برآں پنجاب حکومت کے نوٹفکیشن کے مطابق گریڈ 21 کے سیکرٹری آبپاشی زاہد اختر زمان کو تبدیل کر کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب تعینات کر دیا گیا ہے۔ کمشنر لاہور سیف انجمن تبدیل کر کے سیکرٹری آبپاشی تعینات کر دیا گیا ہے۔ ڈی سی او لاہور دانش افضال کو تبدیل کر کے کمشنر لاہور کا اضافہ چارج بھی دے دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں