اسلام آباد( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ملک کیلئے وزیر اعظم عمران خان ہی واحد آپشن ہیں اور انشا اللہ 2023ء کے عام انتخابات کے بعدبھی یہی تسلسل رہے گا ،حکومت کے اتحادی روٹھ بھی جاتے ہیں اور مان بھی جاتے ہیں اس لئے اپوزیشن بغلیں بجا بجا کرہلکان نہ ہو ، موجودہ حکومت نے 80فیصد قرضہ مسلم لیگ (ن) کے دور کے مہنگے قرضے اتارنے کیلئے لیا ہے اور اعدادوشمار پر کوئی بھی لیگی رہنما جب چاہے مناظرہ کرلے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں کے وفد سے ملاقات اور میڈیا نمائندوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہم بالکل میثاق معیشت کے حق میںہیں لیکن اپوزیشن پہلے بتائے جس طرح میثاق جمہوریت کو اپنے مفاد کیلئے استعمال کیا گیا میثاق معیشت کابھی اسی طرح استعمال ہوگا ؟، میرے لئے خیال میں اپوزیشن میثاق معیشت کی جانب سے کوئی پیشرفت نہیں کریگی کیونکہ ہماری جانب سے ملک و قوم کے مفاد کو ترجیح دی جائے گی جس پر یہ کبھی رضا مند نہیں ہونگے۔