نیٹ فلکس نے افریقی امریکی کمیونٹیز کیلئے 100 ملین ڈالر مختص کردیے

ویڈیو اسٹریمنگ کی مقبول ترین کمپنی نیٹ فلکس نے امریکا کی افریقی امریکی کمیونٹیز کی براہ راست مدد کرنے والے مالیاتی اداروں اور تنظیمو ں کے لیے 100 ملین ڈالر مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔نیٹ فلکس نے اپنی بلاگ پوسٹ میں کہا ہے کہ اس کی شروعات 35 ملین ڈالر سے ہوگی جس میں سے 25 ملین ڈالر ایک نئے فنڈ 'بلیک اکنامک ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو' میں منتقل کیے جائیں جب کہ 10 ملین ڈالر پسماندہ طبقات کے لیے مواقع پیدا کرنے کے لیے ہوپ کریڈٹ یونین میں دیے جائیں گے۔نیٹ فلکس کی جانب سے یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکا میں سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کے قتل کے بعد نسل پرستی اور عدم مساوات کے خلاف کارروائی کرنے کے حوالے سے کمپنیوں کو سرمایہ کاروں، صارفین اور کارکنوں کی جانب سے بڑھتے ہوئے دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔خیال رہے کہ امریکی ریاست منی سوٹا کے شہر مینی پولس میں 25 مئی 2020 کو سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں 45 سالہ سیاہ فام شہری جارج فلوئیڈ ہلاک ہوگیا تھا۔مینی پولس میں سفید فام پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں سیاہ فام جارج فلائیڈ کے قتل کے بعد ہنگامے پھوٹ پڑے تھے جس نے امریکا کے کئی شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ای پیپر دی نیشن