لاہور (وقائع نگار خصوصی )پنجاب اسمبلی کا اجلاس پرائیویٹ ہوٹل میں کرانے کااقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا .چیف جسٹس ہائیکورٹ محمد قاسم خان کی عدالت میں درخواست سماعت کے لئے مقرر کردی گئی. شہری انجم حمید نے اراکین اسمبلی کے اجلاس کو فلییٹیز ہوٹل میں کرنے کے خلاف درخواست دی. درخواست میں پنجاب حکومت، سپیکر صوبائی اسمبلی سمیت دیگرکو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گذار نے موقف میں کہا کہ وزیراعظم پاکستان سادگی اختیار نہ کرنے اور فضول خرچی نہ کرنے کے دعوے کرتے رہے ہیں, اراکین اسمبلی کے اجلاس کے لئے پنجاب اسمبلی کی عمارت قائم کی گئی, پنجاب اسمبلی کے اراکین کا اجلاس 5 جون 2020 کو فلیٹیز ہوٹل میں منعقد کیا گیا, شہریوں کے ٹیکس کی رقم صوبائی اسمبلی کے پرائیویٹ ہوٹل میں ہونے والے اجلاس پر خرچ نہیں کی جاسکتی ,شہریوں کے ٹیکس کی رقم حکومتی اراکین کی آرائش کے لئے بھی استعمال نہیں ہوسکتی .عدالت سے استدعا ہے کہ صوبائی اسمبلی کے پرائیویٹ ہوٹل میں ہونے والے اجلاس کے اقدام کو کالعدم قرار دے. عدالت سے استدعا ہے کہ صوبائی اسمبلی کے پرائیویٹ ہوٹل میں ہونے والے اجلاس کے اخراجات کی لاگت کی تفصیلات طلب کرے اورصوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پرائیوٹ ہوٹل میں ہونے والے اخراجات واپس سرکاری خزانے میں جمع کرانے کا حکم دے۔