لاہور(کامرس رپورٹر ) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی سے وفاقی بجٹ کی منظوری وزیر اعظم عمران خان پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے،اپوزیشن کے دعوے ایک بار پھر غلط ثابت ہوئے اور بجٹ با آسانی منظور ہوگیا اور حکومت آئندہ بھی درپیش تمام چیلنجز سے اسی طرح خوش اسلوبی سے عہدہ برآ ہوگی۔ اپنے ٹوئٹ میں سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ وفاقی بجٹ کی نو ک پلک درست کرکے اْسے مزید بہتر بنا دیا گیا ہے جس سے عام آدمی کیلئے زیادہ آسانیاں ہوں گی۔مشکل وقت گزر گیا ہے،اب ملکی ترقی اور صنعت کا پہیہ مزید تیز ہوگا جس سے آنے والے دنوں میں واضح بہتری سامنے آئے گی اور روزگار کی فراہمی سمیت شہریوں کو بھی ریلیف ملے گا۔حکومت کی مثبت پالیسیوں کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاری میں 63فیصد اضافہ ہوا ہے،وزیر اعظم عمران خان کا ویڑن ہر شعبے کے لئے دیرپا پالیسیاں لانا اور ملک کو مضبوط بنیادوں پر مستحکم کرنا ہے۔ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو بھی قومی دھارے میں لانا چاہتی ہے،اس میں کوئی شک نہیں کہ سمندر پار بسنے والوں کی وطن عزیز کے لئے خدمات ہمیشہ لائق تحسین رہی ہیں۔دن بدن پاکستان مشکل صورتحال سے نکل رہا ہے اور اس کا سارا کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان کو جاتا ہے۔
اپوزیشن کے دعوے غلط ثابت ہوئے، بجٹ باآسانی منظور ہوا: علیم خان
Jul 01, 2021