انخلا سے افغانستان کی سلامتی کو خطرہ:عبداللہ عبداللہ، صورتحال پر پینٹا گون کی تشویش

Jul 01, 2021

کابل+ واشنگٹن  (نوائے وقت رپورٹ) افغان مصالحتی  کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ افغانستان کی بقا اور سلامتی خطرے میں ہے۔ غیر ملکی افواج کے انخلاء سے طالبان کو قدم جمانے میں مدد ملی۔ صدارتی محل میں افغان رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے عبداللہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ امریکی افواج کے انخلاء  سے بڑا خلاء  پیدا ہوا جس کا طالبان نے فائدہ اٹھایا۔ طالبان نے طاقت کے زور پر کابل لینے کی کوشش کی تو نا ختم ہونے والی جنگ چھڑ جائے گی۔ اب ہمسایہ ممالک بھی افغانستان میں امن چاہتے ہیں۔ جنگ طالبان سمیت کسی کے مفاد میں نہیں۔ ادھر پینٹاگون کے ترجمان نے طالبان کو ایک بار پھر امن عمل کا حصہ بننے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں تشدد کا بڑھتا ہوا رجحان امن عمل میں طالبان کی غیر سنجیدگی کی عکاسی کرتا ہے۔ پینٹاگون کے ترجمان جان کربی کا منگل کو پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ افغانستان میں سکیورٹی کی صورتحال سے آگاہ ہیں اور اس پر تشویش ہے۔ مذاکرات کے ذریعے لڑائی کے پرامن اختتام کے حق میں ہیں۔ نیٹو کمانڈر جنرل سکاٹ ملر نے طالبان کو افغانستان میں علاقوں پر بزور طاقت قبضے پر تنبیہہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پر تشدد کارروائیوں کا سلسلہ بند نہیں کیا تو فضائی حملوں کے لیے تیار رہیں۔ کابل میں صحافیوں سے گفتگو میں  دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ افغانستان سے انخلا کے باوجود امریکی فوج طالبان پر فضائی حملے کرنے اور انہیں کچلنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ امریکی فوج کے انخلا کے بعد افغان سکیورٹی فورسز مناسب ایڈجسٹمنٹ کرلیں گی۔  ادھر طالبان افغانستان کے 100 سے زائد اضلاع پر قبضے کا دعویٰ کر چکے ہیں۔

مزیدخبریں