اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) آزادکشمیر کے وزیراعظم راجا فاروق حیدر نے کہا ہے کہ کشمیر پر امریکی ثالثی تسلیم کرنا سب سے بڑی بیوقوفی ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر پاکستان اور کشمیر کاخون بہا ہے۔ 5 اگست کے بھارتی اقدام کے بعد حکومت پاکستان معاملات کو اچھی طرح نہیں لیکرچل سکی۔ صرف اقوام متحدہ میں تقریر کرنا کافی نہیں تھا۔ جبکہ کل نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں نہیں جارہا۔ انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کو آزادکشمیر کے الیکشن ہونے ہیں، یہ الیکشن ایک خاص قومی بیانیے پر لڑے جارہے ہیں اور ایک بیانیہ ہمارا اور ایک مخالفین کا بیانیہ ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ آزاد کشمیر میں منی لانڈرنگ ہورہی ہے اور وزیر اعظم پاکستان کا آفس استعمال ہورہا ہے۔