اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے عوامی جمہوریہ چین کی کیمونسٹ پارٹی (سی پی سی) کی صد سالہ تقریب کے موقع پر چین کے صدر شی جن پنگ کو مبارکباد پیش کی ہے۔وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے عوامی جمہوریہ چین کے صدر اور سی پی سی کی سینٹرل کمیٹی کے جنرل سیکرٹری کو صد سالہ تقریب کے موقع پر مبارکباد کا پیغام ارسال کیا ہے۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ سی پی سی کی قیام کے واقعے سے عالمی تاریخ پر دور رس اثرات مرتب ہوئے ہیں۔انہوں نے چین کی کیمونسٹ پارٹی اور اس کی قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چین کی آزادی اور اس کی ترقی کمیونسٹ پارٹی کی قربانیوں اور کوششوں کا نتیجہ ہے۔وزیراعظم عمران خان نے چینی عوام کی فلاح و بہبود خاص طور پر غربت کے خاتمے اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے چین کی کیمونسٹ پارٹی کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ چین صدر شی جن پنگ کی دانشمندانہ اور متحرک قیادت میں چینی قوم کی عظیم الشان تجدید کی طرف مارچ جاری رکھے گا۔عمران خان نے پاک چین دوستی کو فروغ دینے میں سی پی سی کے کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ 2021 پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کا سال ہے۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کے مابین دوستی مزید اضافہ ہوگا جس کی دونوں ملکوں کی قیادت اور عوام خواہش مند ہے۔
چینی کمیونسٹ پارٹی کی صد سالہ تقریب عمران خان کی صدر شی کو مبارکباد
Jul 01, 2021