اسلام آباد( نوائے وقت رپو رٹ ) ایٹین ہائوسنگ جو کو اورا ڈیویلپرز کے سیف گروپ اور کوہستان بلڈرز کے ساتھ اشتراک کے ذریعے بننے والا منصوبہ ہے کو چائینیز انجینئرنگ اینڈ کنسٹرکشن کمپنی چائینہ گیزوبہ گروپ کمپنی لمیٹڈنے اپنے ریجینل ڈسپیچ سنٹر کی تعمیر کے لیے منتخب کیا ہے۔ اس منصوبے کی گرائونڈ بریکنگ تقریب نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کے قریب واقع پر تعیش ہائوسنگ منصوبے ایٹین میں کی گئی۔ چائینہ گیزوبہ گروپ کمپنی کی جانب سے ایٹین کا انتخاب اس کے پر وقار بزنس کمپلیکس اور وفاقی دارالحکومت کے قریب کے ہونے کے باعث کیا گیا۔ چائینہ گیزوبہ گروپ کمپنی بڑے پیمانے پر انفرا سٹرکچر سرمایہ کاری اور کنسٹرکشن کے شعبے میں بڑا نام رکھتی ہے جو کہ ہائیڈرو پاور کنسٹرکشن میں عالمی سطح پر نام بنا چکی ہے اور چائینہ انرجی کنسٹرکشن گروپ لیمٹڈ کی ذیلی کمپنی ہے جس کا شمار دنیا کی پانچ سو کامیاب ترین کمپنیوں میں ہوتا ہے۔ چائینہ گیزوبہ گروپ کمپنی کا ریجینل ڈسپیچ سنٹر کمپنی کے ہیڈ کوارٹرز کا درجہ رکھے گا جہاں سے کمپنی کے اس ریجن میں جاری تمام آپریشنز کو کنٹرول کیا جائیگا۔