کراچی کے صنعتی زونزکاہفتہ وار ایک دن گیس ہالیڈے کا فیصلہ

Jul 01, 2021

کراچی (کامرس رپورٹر )کراچی کے صنعتکاروں نے گیس بحران سے نمٹنے کے لیے سوئی سدرن گیس کمپنی ( ایس ایس جی سی) کے ساتھ ایک متفقہ حکمت عملی کے تحت اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ کراچی کے ساتوں صنعتی زونز ہفتہ وار باری باری اپنی فیکٹریوں میں ایک روز کا گیس ہالیڈے کریں گے اور جس صنعتی زون کا جس دن ٹرن طے پایا ہے اس دن وہاں کی فیکٹریوں میں گیس کا استعمال بند رہے گا تاکہ گیس کی قلت پر قابوپایاجاسکے اور صنعتی پیداواری سرگرمیاں بھی بلارکاوٹ جاری رہیں۔نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری( نکاٹی) کے صدر فیصل معیز خان نے ایک بیان میں کہا کہ 29 جون2021 سے 9 جولائی 2021 تک ٹرمینلز کی مرمت کا کام چلے گا اس وقت تک سندھ میں باالخصوص کراچی میں گیس کی قلت کا سامنا رہے گا اور صنعتی زونز کو مکمل پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی ممکن نہیں ہوسکے گی ۔نکاٹی کے صدر نے بتایا کہ گیس بحران سے نمٹنے اور صنعتوں کی گیس بندش کا حل نکالنے کے لیے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی معاونت سے کراچی کی ساتوں ایسوسی ایشنز نے باہمی مشاورت سے ایس ایس جی سی کے ساتھ ایک ایم او یو سائن کیا ہے جس میں یہ فیصلہ ہوا کہ کراچی کی ساتوں ٹاؤن ایسوسی ایشنز ہفتہ وار باری باری ایک دن کا گیس ہالیڈے کریں گی اور جس صنعتی زون کی باری ہوگی اس دن مذکورہ صنعتی زون میں پیداواری عمل کے لیے گیس کا استعمال بند رکھا جائے گا تاکہ گیس کی قلت پر قابو پایا جاسکے جبکہ بقیہ 6 دن دیگر صنعتی زون جن کا گیس ہالیڈے نہیں ہوگا وہاں کی فیکٹریوں کو مکمل پریشر کے ساتھ گیس سپلائی کی جائے گی۔ فیصل معیز خان نے نارتھ کراچی کے صنعتکاروں سے درخواست کی کہ وہ آج بروز جمعرات اپنی فیکٹریاں گیس پر نہ چلائیں کیونکہ نارتھ کراچی کی ون ڈے گیس ہالیڈے کی باری جمعرات کو ہے اور اگر نارتھ کراچی کے کسی صنعتی یونٹ نے ایم او یو کی خلاف ورزی کی تو نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ذمہ دار نہیں ہوگی اور اس کے خلاف ممکنہ کارروائی کی صورت میں مدد نہیں کرے گی۔

مزیدخبریں