لاہور( سپیشل رپورٹر) انجمن حمایت اسلام کے نو منتخب صدر سید ضیا حیدر رضوی نے کہا کہ وہ بلا مقابلہ منتخب کرنے پر معزز اراکین کے ممنون ہیں۔ وہ ٹیم ورک پر یقین رکھتے ہوئے متعدد ادارے کامیابی سے چلانے کا تجربہ رکھتے ہیں، اس لیے انجمن حمایت اسلام کے زیر انتظام بہبوداور تعلیمی اداروں کو بھی خاطرخواہ ترقی سے ہمکنار کریں گے۔ انہوں نے ہر ادارے کو متعلقہ شعبے کے ماہرین پر مشتمل کمیٹی کے سپرد کرنے کا عندیہ دیا۔ قبل ازیں سینئر نائب صدر جسٹس (ر) رستم علی ملک کی زیرِ صدارت اراکینِ جنرل کونسل کے اجلاس میں سیکرٹری جنرل میاں محمد منیر نے فاضل بجٹ پیش کیا، جسے بحث و تمحیص اور غور و خوض کے بعد متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ اس موقع پر اراکین نے انتخابات کے کامیاب انعقاد پر الیکشن کمیٹی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور نومنتخب عہدیداروں کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔