اسلام آباد+ کراچی (خبرنگار+ نوائے وقت رپورٹ) قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثر دو مریض جاں بحق ہوئے۔ این آئی ایچ کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 18ہزار 813کرونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 641 افراد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا۔ اس طرح مثبت ٹیسٹ کی شرح 3.41فیصد رہی۔ 119مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ این سی او سی کی جانب سے سرکاری دفاتر کے لئے کرونا ایس او پیز جاری کر دیئے ہیں۔ آفس میں تمام سٹاف کو کرونا ایس او پیز کے حوالے سے آگاہی دی جائے، تمام سٹاف اپنے علاوہ اپنے فمیلی ممبرز کو بھی ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائے، افس میں ماسک کا استعمال، سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے، نماز کے دوران بھی سماجی فیصلہ کو لازمی بنایا جائے، آفس کے تمام گیٹس پر سینیٹائزر رکھا جائے اور اس کا استمعال یقینی بنایا جائے، افس انتظامیہ اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ تمام سٹاف ویکسینیٹڈ ہو، ہاتھ ملانے سے گریز کیا جائے، آفس کے داخلی راستے میں تمام سٹاف کا درجہ حرارت چیک کیا جائے گا، کوئی بھی علامت ظاہر ہونے پر کسی سٹاف ممبر کو آفس میں داخلے کی اجازات نہ دی جائے، ماسک کے بغیر اندر جانے کی اجازت نہیں دی جائے، کسی بھی سٹاف میں علامات کے ظاہر ہونے پر فوری کرونا کے تمام ٹیسٹ کروائے جائیں، آفس واپس آنے سے قبل سٹاف کا کرونا پی سی آر ٹیسٹ نیگٹیو آنا لازمی ہے، تمام سٹاف کو بوسٹر ڈوز لازمی لگوائی جائے۔ کراچی میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود لاک ڈاؤن جیسی پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے محکمہ صحت سندھ کے حکام نے 'تمام انڈور مقامات' پر کرونا پروٹوکولز اور سماجی پابندیوں کی واپسی کا اشارہ دیا ہے، ان پابندیوں میں چہرے کا ماسک پہننے اور سماجی دوری جیسے اقدامات شامل ہیں۔ قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے کرونا کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق شہر قائد میں سامنے آنے والے 390 کیسز کے ساتھ آج مہلک وائرس کی مثبت شرح 19.9 فیصد ریکارڈ کی گئی جو کہ ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی زیر صدارت سینئر حکام کے اجلاس میں کرونا کی صورتحال پر غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس کے دوران چہرے کے ماسک پہننے کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے، کرونا ویکیسن کے پہلے بوسٹر شاٹ کے 4 ماہ بعد اگلا بوسٹر شاٹ لگوانے اور سماجی فاصلہ اختیار کرنے جیسے اقدامات پر زور دیا گیا۔ اجلاس کے بعد جاری ہونے والے بیان میں وزیر صحت کے حوالے سے کہا گیا کہ شہر میں ایک اور لاک ڈاؤن نافذ نہیں کیا جاسکتا۔ ادھر کرونا کے باعث بند شنگھائی ڈزنی لینڈ جمعرات سے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
کرونا : 2 جاں بحق ، سرکاری دفاتر کیلئے ایس او پیز جاری ، کراچی متاثار ترین شہر
Jul 01, 2022