اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے مابین اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت کے بعد آزادانہ تجارتی معاہدے پر جلد دستخط کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے معاہدے سے تجارت اور معیشت کے شعبوں میں بہتر اور تیز رفتار تعاون کا باضابطہ فریم ورک میسر ہوگا۔ ایوان صدر پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار سوئٹزر لینڈ کے سکبدوش ہونے والے سفیر بینیڈکٹ ڈی سرجٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا عالمی برادری بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا اور شدت پسندی کا سنجیدگی سے نوٹس لے، عالمی برادری بھارت میں اقلیتوں کو ڈرانے دھمکانے اور اسلاموفوبیا سے جڑے تشدد کے واقعات کو روکنے کے لیے بامعنی اقدامات کرے۔ صدر نے کہا دنیا کے کسی بھی حصے سے آنے والے پناہ گزینوں کے ساتھ یکساں برتاؤ کیا جانا چاہیے، پناہ گزینوں کو رنگ، نسل، مذہب یا علاقے کے امتیاز کے بغیر سہولیات اور پناہ دی جانی چاہیے۔ صدر مملکت اس بات پر زور دیا عالمی برادری تنازعات کے شکار ممالک میں کشیدگی اور بدامنی کو کم کرنے کیلئے عملی اقدامات کرے، کشیدگی کے شکار ممالک میں امن کے لیے سازگار حالات پیدا کیے جائیں تاکہ ان کی آبادی کو پناہ گزین بننے سے روکا جاسکے۔
عالمی برادری بھارت میں بڑھتے اسلامو فوبیا اور شدت پسندی کا نوٹس لے،صدر مملکت
Jul 01, 2022