اتحادی حکومت کے 80 دن ناکامیوں، مایوسیوں کی داستان ہیں: سراج الحق 


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مہنگائی نے عوام کا سکون چھین لیا، لوگ پریشان خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ لوڈشیڈنگ کا عذاب جاری، کاروبار ٹھپ اور بے روزگاری خوفناک صورت حال اختیار کر چکی ہے۔ معاشی تباہی کی وجہ سودی نظام، کرپشن اور نااہل حکمران ہیں۔ قرضوں کی ادائیگی کے لیے مزید قرضے لینے کی پالیسیاں ناکام ہو گئیں۔ ملک کی خودمختاری اور سالمیت کا سودا کرنے والے حکمران قوم کے مجرم ہیں۔ تینوں حکمران جماعتوں میں جھوٹ کا مقابلہ جاری ہے۔ ہر روز نیا بجٹ آتا ہے، دنیا کے کسی ملک میں ایسی مثال نہیں ملتی۔ اتحادی حکومت کے گزشتہ 80دن ناکامیوں، محرومیوں اور مایوسیوں کی داستان ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں قائدین جماعت اور عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ اس وقت تمام سیاسی جماعتیں حکومت میں شامل ہیں، لیکن پھر بھی ڈلیور کرنے میں ناکام ہو گئی ہیں۔ ن لیگ، پی پی اور پی ٹی آئی برسہا برس سے صوبوں میں اور کبھی مرکز میں اور کبھی صوبوں اور مرکز دونوں جگہ پر حکومتوں میں رہیں۔  حکمران جماعتیں اب بری طرح ایکسپوز ہو چکی ہیں، انتخابات میں عوام ان جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کا احتساب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئے گی تو ہم ملک میں سودی نظام کی بجائے اسلامی نظام معیشت متعارف کروائیں گے، لوٹی ہوئی دولت واپس لائی جائے گی۔ سبھی تجربات ناکام ہو گئے، اب ایک موقع اسلامی نظام کو ملنا چاہیے،  قوم ہمارا ساتھ دے۔

ای پیپر دی نیشن