پاکستان میں تمام منصوبے مکمل‘ ہدف کے مطابق بجلی پیدا کر رہے ہیں: فن زینگروئی

Jul 01, 2022


 لاہور (خاور عباس سندھو، نمائندہ خصوصی) چین کی سرکاری کمپنی چائنا نیشنل الیکٹرک انجینئرنگ کارپوریشن کے پاکستان میں ڈپٹی جنرل منیجر مسٹر فن زینگروئی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بجلی کے تمام منصوبے مکمل کردئیے ہیں۔ بجلی کے تمام منصوبے مقررہ ہدف کے مطابق بجلی پیدا کررہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے روز نامہ نوائے وقت اور دی نیشن کے دفاتر کے دورہ پر نوائے وقت گروپ کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری سے ملاقات میں کہی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر مارکیٹنگ بلال محمود، خاور عباس سندھو اور انٹرپریٹر کاظم حسین بھی موجود تھے۔ مسٹر فن زینگروئی نے چائنا نیشنل الیکٹرک انجینئرنگ کارپوریشن کے تحت مکمل ہونے والے منصوبوں اور ان کی پراگریس سے متعلق بتایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور خاص طور پر بجلی کی پیداوار ڈیمانڈ کے مطابق پوری کرنے کے لئے کمپنی نے جو کردار ادا کیا وہ ایک دوست ہونے کے ناطے ہماری ذمہ داری تھی اور ہمیں پاکستان سے دوستی پر فخر ہے اور آئندہ بھی اگر پاکستا ن کو ضرورت پڑی تو کمپنی اپنا بھرپور کردار و تعاون جاری رکھے گی۔ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمیشہ  ہر میدان اور امتحان میں پوری اتری ہے جو ہمیشہ قائم رہے گی اور باقی دنیا کے لئے ایک مثال ہے۔ اس موقع پر انہوں نے نوائے وقت اور دی نیشن کے پاک چین دوستی کے لئے صحافتی کردار کا ذکر کیا تو مسٹر فن زینگروئی نے کہا کہ انہیں نوائے وقت میڈیا گروپ کے کردار کا بخوبی علم ہے اور یقین ہے کہ نوائے وقت گروپ کا مثالی کردار جاری رہے گا۔

مزیدخبریں