وزیراعظم آزادکشمیر زکوۃ فنڈز سے مستحقین کی سالانہ تین ہزار روپے امداد کا ذکر کرتے رو پڑے


اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) بجٹ پر بحث سمیٹتے ہوئے وزیراعظم سردار تنویر الیاس زکوۃ فنڈز سے مستحقین کی سالانہ 3 ہزار روپے امداد کا ذکر کرتے ہوئے رو پڑے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں ایک سال بعد زکوۃ فنڈز سے کسی کی تین ہزار روپے مدد توہین سے کم نہیں،  زکوۃ دینے والوں کو اس کا خیال کیوں نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے ایک ایسے فرد کا چہرہ سامنے آرہاہے جس کے پاس ایک پاؤ گوشت خریدنے کی صلاحیت نہیں تھی یہ کسی پولیس افسر کے سامنے کا واقعہ ہے۔خدا ترس پولیس افسر نے یقیناً اپنی جیب سے یہ نیکی حاصل کی ہوگی کیونکہ بظاہر باوقار نظر آنے والے فرد نے پولیس افسر کو بتایا تھا کہ آج اس نے اپنی بیٹی کے ساتھ وعدہ کررکھا ہے کہ گوشت لاؤں گا مگر میرے پاس ایک پاؤ گوشت خریدنے کی گنجائش نہیں،زرا سوچیں کہ اس شخص پر کیا بیتی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ میں نے جب محکمہ سے بریفنگ لی تو مجھے پتا چلا کہ مستحقین کو سال میں صرف ایک بار تین ہزار روپے ملتے ہیں جبکہ محکمہ کے انتظامی اخراجات پر زکوۃ فنڈز کے 60فیصد فنڈز استعمال ہورہے ہیں۔وزیراعظم دیر تک آبدیدہ رہے اور سیکرٹری اسمبلی نے ٹشو پیپر کا ڈبہ وزیراعظم کے ڈائس پر پہنچایا جس سے انہوں نے آنسو صاف کیے۔

ای پیپر دی نیشن