وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کہا ہے کہ قیامِ پاکستان کے 75سال مکمل ہونے پر ڈائمنڈ جوبلی کے مبارک موقع پر ’عزمِ عالی شان، شاد رہے پاکستان ‘کے عنوان سے خصوصی لوگوجاری کردیا گیا ہے۔ یہ پاکستان سے محبت اور اس عزم کی تجدید ہے کہ ہمارے بہادر اور عظیم بزرگوں اور شہداء نے جس عزم سے پاکستان بنایا تھا، اسی عزم کے ساتھ معاشی طور پر اسے مضبوط اور خودانحصار، فلاحی مملکت اور دفاعی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنائیں گے۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس کا موقع کو منانے کا مقصد یہ ہے کہ قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد حاصل ہوں اور عوام کی زندگیوں میں وہ آسانیاں آئیں جن کا خواب برصغیر کے مسلمانوں نے دیکھا تھا۔ معاشی خود انحصاری کے وژن سے پاکستان کے نوجوان حقیقی معنوں میں قوم کے معمار بنیں گے، قومی ترقی کے ثمرات پائیں گے۔ یہ بہت اچھی بات ہے کہ حکومت قیامِ پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کو دھوم دھام سے منانے کا ارادہ رکھتی ہے لیکن اس موقع پر اگر ہم نے تقریبات منانے کے بعد پھر کشکول لے کر دوسرے ممالک اور بین الاقوامی اداروں کے در پر جانا ہے تو اس سے معاشی خود انحصاری کا خواب پورا نہیں ہوسکے گا۔ ہمیں اس موقع پر یہ عزم کرنا ہوگا کہ ہم پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانے کے لیے انفرادی اور اجتماعی سطح پر ہر وہ کام کریں گے جس سے ملک ترقی و استحکام کے راستے پر گامزن ہو۔ اگر ہم سب مل کو اس ملک کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے کام کرنے لگیں تو وہ وقت دور نہیں جب پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک عظیم ریاست کے طور پر ابھرے گا۔
قیامِ پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کا لوگو جاری
Jul 01, 2022