تاجر خواتین کیلئے خصوصی اقتصادی زونز بنائے جائیں، رفعت ملک

Jul 01, 2022

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)حکومت تاجر خواتین کے لیے جلد خصوصی اقتصادی زونز بنائے۔ جنوبی ایشیا خصوصا پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ خواتین کاروباری خواتین کو ترقی اور خوشحالی کے سفر پر ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کیا جا سکے۔ ان کی حوصلہ افزائی کی جائے کہ وہ آگے آئیں اور خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ یہ بات فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی)کی نائب صدر  رفعت ملک نے اسلام آباد میں سارک چیمبر وومن انٹرپرینیور کونسل کے زیر اہتمام خواتین کی کاروباری کانفرنس کے تیسرے اور آخری سیشن کے دوران کہی۔ایف پی سی سی آئی کی نائب صدر محترمہ رفعت ملک نے کاروباری خواتین کی حوصلہ افزائی اور انہیں بااختیار بنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ خواتین ٹیکسٹائل اور دستکاری جیسی برآمدی صنعتوں کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ خواتین پاکستان کی اکثریتی آبادی پر مشتمل ہیں اور کسی ملک کی پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں مدد کر سکتی ہیں۔ خواتین کے ذریعے چلائے جانے والے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو مہارت کی ترقی، صلاحیت کی تعمیر اور سستے مالی وسائل تک آسان رسائی کے ذریعے سہولت فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ کاروباری خواتین علاقائی اور بین الاقوامی منڈیوں تک اپنی رسائی کو بڑھا سکیں۔

مزیدخبریں