لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے حکومت پر زور دیا کہ روس یوکرائن جنگ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے، زرعی شعبہ میں سائنسی خطوط پر تیز رفتار جدت لانے کیلئے قابل عمل حکمت عملی تیار کی جائے۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کا شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور آئندہ سال کے دوران اس کی شرح نمو 3.9 فیصد تک بڑھنے کی توقع ہے۔ اس شعبہ نے گزشتہ سال کی3.5 فیصد شرح نمو کے مقابلے میں 4.4 فیصد ترقی کی ہے جبکہ اہم فصلوں بشمول گنا، چاول اور مکئی کی پیداوار میں ریکارڈ پیداوار حاصل ہوئی اور معیاری ہائی ٹیک ہائبرڈ بیج کے استعمال سے فی ایکڑ پیداوار میں شاندار اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فصلوں کی زیادہ پیداوار سے نہ صرف ترقی کی رفتار بہتر ہو گی بلکہ غذائی اجناس کی درآمد میں کمی کے ذریعے ادائیگیوں کے توازن پر دبائو بھی کم ہو گا۔
زرعی شعبہ، جدت لانے کیلئے قابل عمل حکمت عملی تیار کی جائے،شہزاد علی ملک
Jul 01, 2022