برطانیہ کو پاکستانی برآمدات 2.1 بلین پونڈ تک پہنچ گئیں،کاشف اشفاق

لاہور(کامرس رپورٹر )یوکے پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے تجارتی پوٹینشل سے بھرپور استفادہ کیا جائے تو پاک برطانیہ تجارت کے موجودہ حجم کو آئندہ دو سال میں دگنا کیا جا سکتا ہے۔ گزشتہ روز محترمہ ماہین کی قیادت میں بزنس ویمن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے جس کیساتھ گزشتہ مالی سال کے اختتام پر پاکستان کی برآمدات 2.1 بلین پونڈ تک پہنچ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے پاکستان میں ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے پاکستانیوں کو ریکارڈ تعداد میں ویزے جاری کیے ہیں۔ برطانیہ نے پاکستان کی تاجر برادری اور عام لوگوں کو ویزہ کے اجراء کا طریق کار بھی انتہائی سہل بنا دیا ہے، جس سے دوطرفہ اقتصادی تعلقات اور عوام کی سطح پر روابط میں اضافہ ہوگا۔ میاں کاشف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات 75 سال پر محیط اور دوطرفہ تجارتی تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط اور نتیجہ خیز ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں آباد 16 لاکھ پاکستانی معاشی، تجارتی، سفارتی اور سماجی سرگرمیوں میں کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین تعلقات مضبوط کر رہے ہیں جبکہ تقریباََ ایک لاکھ برطانوی شہری پاکستان میں مقیم اور مختلف شعبوں میں اہم خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن