عیدالاضحٰی ، کاروبار 9 بجے بند کرنے کی پابندی ختم کی جائے : انجمن تاجران 

Jul 01, 2022

لاہور( کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران نے حکومت سے عید الاضحی تک رات 9بجے کاروبار بند کرنے کی پابندی ختم کرنے اور اتوار کے روز کاروبار کھولنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر طبقہ ہر کڑے وقت میں حکومت کا ساتھ دیتا ہے اس لئے ہماری درخواست کو فوری زیر غور لاتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے ۔ آل پاکستان انجمن تاجران کا ہنگامی اجلاس مرکزی صدر اشرف بھٹی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں سیکرٹری جنرل محبوب علی سرکی ، میاں طارق فیروز،میاں سلیم،نعیم بادشاہ، حافظ عطا اللہ، ملک ناظم، رفعت سنی، خواجہ ندیم اور منظور بھٹی سمیت مختلف مارکیٹوں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجروں نے کرونا وباء اورتوانائی بحران سے نمٹنے کیلئے حکومت کے فیصلے کی پابندی کی ، موجودہ معاشی حالات کی وجہ سے چھوٹا تاجر طبقہ بری طرح متاثر ہوا۔ حکومت سے اپیل ہے کہ عید الاضحی تک رات 9بجے مارکیٹوں کی بندش کی پابندی کو عارضی طور پر ختم اوراتوار کے روز کاروبار کھولنے کی اجازت دی جائے تاکہ تاجر اپنے گھر والوں کا پیٹ پال سکیں۔ہمیں امید ہے کہ حکومت اس حوالے سے ضرور غور کرے گی اور ہماری درخواست کو منظور کرتے ہوئے فوری نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجروںنے عید الاضحی کے لئے پیشگی مال تیار کرایا ہے لیکن وقت کی پابندی اور اتوار کے روز کاروبار کی بندش کی وجہ سے ادائیگیاں کرنا مشکل ہو گیا ہے۔آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر نے کہا کہ چاند رات تک اوقات کار کی بندش جبکہ اتوار اور جمعہ کی ہفتہ وار تعطیل بھی ختم کرے۔ بیکری آئٹمز کی دکانوں کے اوقات کار بھی ریسٹورنٹس کے اوقات کار کے مطابق کیے جائیں ۔ایس آر او کی وجہ سے پورٹس پر امپورٹرز کے ہزاروں کنٹینر جمع ہوچکے ۔جن آئٹمز کو بین کیا گیا ان کے ہزاروں کنٹینرز پورٹ پر جمع ہیں،جن کی فوری ریلیز کے احکامات جاری کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ فی کنٹینر 120 ڈالر یومیہ ڈیمرج پڑ رہا ہے ، زرمبادلہ اور تاجروں کا بیک وقت نقصان ہورہا ۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار ملک کی ضرورت بن چکے ہیں ان کی جلد از جلد واپسی کو یقینی بنایا جائے۔

مزیدخبریں