پہلے اسپیل کے دوران100 ملی میٹر بارش  ‘ دوسرا7 یا8 جولائی سے شروع‘3 روز جاری رہے گا‘ محکمہ موسمیات

Jul 01, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر)محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں پہلے اسپیل کے دوران 100ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے جس سے اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔کراچی کے موسم پر میٹ آفس کی جانب سے جاری تازہ صورت حال میں بتایا گیا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں 2 جولائی سے بارشیں شروع ہوسکتی ہیں، جب کہ کراچی میں 2 جولائی کی رات سے ہوائیں داخل ہونا شروع ہونگی۔3 سے 5 جولائی کراچی میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ میٹ آفس کے مطابق اس دوران شہر قائد میں طوفانی بارش ہونے کی توقع ہے۔ پہلے اسپیل کے دوران کراچی میں100ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔ جب کہ بارش کا دوسرا اسپیل 7 یا 8جولائی سے شروع ہوگا، جو 3روز تک جاری رہے گا۔ قبل ازیں کراچی کے مختلف علاقوں میں بدھ 29 جون کو رات گئے ہلکی بارش کے بعد حبس اور گرمی کی شدت میں میں کمی آگئی ۔ جمعرات کے روز بھی  شہر پر بادلوں کا گشت اور سورج کیساتھ آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا۔

مزیدخبریں