کراچی (اسپورٹس رپورٹر) سندھ اولمپک ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام اولمپک ڈے منایا گیا۔اس موقع پر منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی اولمپئین حنیف خان تھے۔ نیا ناظم آباد کے خوبصورت وینیو پر منعقدہ اس تقریب میںاولمپئنز‘ مختلف کھیلوں سے وابستہ عہدیداروں‘ کھلاڑیوں اور کوچز کی بڑی تعداد نے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے پرچم کے ساتھ واک میں حصہ لیا۔ اس موقع پر معروف اسپورٹس اینکر و صحافی نسیم راجپوت نے ٹاک شو بھی پیش کیا جس میں حنیف خان، ملنگ بلوچ، فاطمہ لاکھانی، انجینئر سید محفوظ الحق اور اضغر بلوچ نے حصہ لیاجبکہ تیر اندازی' شمشیر زنی' ٹینس اور سائیکلنگ کے نمائشی مقابلے بھی منعقد کئے گئے۔ مہمان خصوصی اولمپیئن حنیف خان نے اولمپک ڈے منانے پر پاکستا ن اولمپک ایسوسی ایشن اور سندھ اولمپک ایسو سی ایشن کے آفیشل ، نیشنل، انٹر نیشنل اولپپئین کو مبارکباد دی ۔ نیا ناظم آباد کے افسران کا بھی شکریہ ادا کیا گیا خاص طور پر احمد علی راجپوت، سیکریٹری جنرل سندھ اولمپک ایسوسی ایشن اور امتیاز احمد شیخ ، نائب صدر کو خصوصی طور ایونٹ کو شایان شان طریقے سے منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ سندھ اولمپک ایسو سی ایشن کے سیکریٹری جنرل احمد علی راجپوت نے اپنے خطاب میں اولمپک گیمز کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے جدید اولمپک گیمز کے بانی پریڈی کو برٹن کو خراج عقیدت پیش کیا۔ احمد علی راجپوت نے کہا کہ ابتدائی دور میں محض ورزش اور چند جسمانی کھیلوں تک محدود گیمز کی منظم اولمپک کھیلوں میں تبدیلی اور اس کے بنیادی قوانین کی تشکیل کا سہرا پریڈی کوبرٹن کے سر ہے جو بنیادی طور پر قانون کے پیشے سے منسلک تھے۔ انہوں نے23 جون کو ہی آئی او سی کی تشکیل اور اولمپک گیمز کی افتتاحی و اختتامی تقاریب کے ساتھ کھلاڑیوں سے حلف لینے جیسے ضوابط متعارف کرائے۔ اور ان کھیلوں کو ہر چار سال کے بعد منعقد طے پایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پریدی کو برٹن کی خدمات کے اعتراف میں ہر سال 23جون کو اولمپک ڈے منایا جاتا ہے۔ نائب صدر سندھ اولمپک ایسو سی ایشن محترمہ وینا مسعود نے تقریب میں موجود اولمپیئنز و انٹرنیشنل کھلاڑیوں اور آفیشلز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کو '' اولمپک ڈے'' منانے کی ذمہ داری سونپی تھی جسے احمد علی راجپوت نے ایک انتہائی خوبصورت تقریب میں تبدیل کردیا جب کہ ا ولمپک گیمز کی مناسبت سے وینیو کو دلکش انداز میں سجایا گیا ہے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر خالد رحمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولمپک گیمز میں شرکت کرنے والے کھلاڑی اولمپیئن کا اعزاز حاصل کرتے ہیں حالانکہ اولمپک گیمز سے منسلک ریفری' کوچز و دیگرآفیشلز بھی اولمپیئن کہلوانے کے مستحق ہیں' یہ قیمتی اعزاز انہیں بھی ملنا چاہئے۔ اختتامی تقریب میں سید وسیم ہاشمی ، نائب صدر ، سندھ اولمپک ایسوسی نے کھیلوں کو فروغ دینے کے حوالے سے نیا ناظم آباد، جیمخانہ کے صدر و منتظمین کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر اولمپئن ملنگ بلوچ کو گلدستہ بھی پیش کیاگیا۔
سابق اولمپئنز‘ مختلف کھیلوں سے وابستہ عہدیداروں‘ کھلاڑیوں اور کوچز نے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی پرچم کے ساتھ واک میں حصہ لیا
Jul 01, 2022