ملتان(نیوز رپورٹر)نیشنل ہائی ویز اتھارٹی سائوتھ پنجاب کے ٹھیکیداروں نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر صباحت چوہدری کے خلاف ٹینڈرز کی منظوری کے عوض5فیصد کمیشن لینے کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیراعظم شکایات سیل میں درخواست دے دی۔ ٹھیکیداروں نے دی گئی درخواست میں اپنا نام پوشیدہ رکھنے کی استدعا کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ ڈائریکٹر کے خلاف شفاف تحقیقات کروائی جائیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیراعظم شکایات سیل سے ہوتی ہوئی درخواست جی ایم ملتان ریجن کے پاس پہنچ گئی جس پر جی ایم نے ریجن کے دوسرے ڈائریکٹر رفیق احمد کو معاملہ کا انکوائری آفیسر مقرر کردیا ہے۔ ملتان ریجن میں ایک ڈائریکٹر کی طرف سے دوسرے ڈائریکٹر کی بدعنوانی سے متعلق انکوائری پر این ایچ اے کے ٹھیکیداروں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے‘ ان کا کہنا ہے کہ شفاف انکوائری کے لئے این ایچ اے ہیڈ کوارٹر کے آفیسر کو نامزد کیا جائے۔ اس سلسلہ میں جب صباحت چوہدری سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ان کے علم میں نہیں ہے کہ ان کے خلاف کسی نے درخواست دی ہے انہوں نے درخواست میں عائد الزامات کو مسترد کردیا۔