ہالی وڈ اداکاروں کی ہڑتال جولائی کے وسط تک ٹل گئی ہے جب کہ صف اول کی اداکاراؤں میرل اسٹریپ اور جینیفر لارنس نے بھی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ہالی وڈ کہانی کاروں کی تنظیم رائٹرز گلڈ پہلے ہی 2 مئی سے ہڑتال پر ہے، جب کہ اب اداکار یونین اور اسٹوڈیوز میں مذاکرات دو ہفتے مزید جاری رکھنے پراتفاق ہوا ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق12 جولائی تک مذاکرات کامیاب نہ ہونے پر ہڑتال کا خطرہ رہے گا، 2 مئی سے رائٹرز گلڈ کے 11ہزار 500 سے زائد ارکان ہڑتال پر ہیں۔رائٹرز گلڈ کی ہڑتال سےکئی فلم اور ٹی وی پروڈکشن یونٹ بند ہوچکے ہیں، رائٹرز گلڈ کےساتھ اداکاروں نے بھی ہڑتال کی تو ہالی وڈ کا کام مکمل ٹھپ ہوجائےگا۔خبر ایجنسی کے مطابق اداکاروں کی یونین کے ارکان کی تعداد ایک لاکھ ساٹھ ہزار ہے۔اس حوالے سے رائٹرز گلڈ کا کہنا ہے کہ جنریٹیو آرٹیفیشل انٹیلیجنس نے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو بدل کر رکھ دیا ہے،جنریٹیو آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے اسکرپٹ کے ساتھ ڈیجیٹل اداکار بھی بنائے جاسکتے ہیں۔ہالی وڈ اداکار بھی بہتر تنخواہ اور آرٹیفشل انٹیلیجنس سے درپیش معاشی خدشات سے تحفظ چاہتے ہیں۔پروڈیوسرز یونین کا کہنا ہے کہ رائٹرزکی تنخواہیں بڑھانے پر راضی ہیں، تمام مطالبات نہیں مان سکتے۔خبر ایجنسی کے مطابق2007 اور 2008 میں رائٹرزگلڈ کی ہڑتال سے 2 ارب ڈالرز سےزیادہ کا نقصان ہوا تھا۔
ہالی وڈ اداکاروں کی ہڑتال ٹل گئی.
Jul 01, 2023 | 12:43