لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان فرنیچر کونسل چن ون کے تعاون سے 25 جولائی سے 15 اگست تک منعقد ہونے والے 27 ویں روانڈا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئرمیں شرکت کرے گی جو دارالحکومت کیگالی کے جنکونڈو(Gikondo) ایکسپو گرائونڈ میں انعقاد پذیر ہو گا۔گزشتہ روز پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے محمد اریب کی قیادت میں برآمد کنندگان کے وفد سے گفتگو کرتے کہا کہ یہ میگا ایونٹ عام تجارتی سامان، ٹیکسٹائل، کپڑے، ملبوسات اور چمڑے وغیرہ کی مصنوعات کی نمائش کیلئے پی ایف سی کو بہترین پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہاآر آئی ٹی ایف ایک معروف بین الاقوامی ایونٹ ہے ‘ اس لئے پی ایف سی کو پاکستانی مصنوعات کی دستکاری اور معیار کو دنیا بھر کے سامنے اجاگر کرنے کا ایک انمول موقع میسر آئے گا۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پی ایف سی کا مقصد پاکستانی مصنوعات کیلئے نئی مارکیٹیں تلاش کرنااور اپنے ورثے کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا ہے۔