بجٹ پر سٹیک ہولڈرز کی تجاویز، تحفظات خاطر میں نہ لانا افسوسناک:عثمان اشرف

لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے بجٹ پر اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز اور تحفظات کو کسی خاطر میںنہ لانا انتہائی افسوسناک امر ہے ، برآمدی آمدن پر فائنل ٹیکس رجیم میں تبدیلی سے برآمدات بری طرح متاثر ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایسوسی ایشن کے دفتر میں ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان ،سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک ، سینئر ممبر ریاض احمد، میجر (ر) اختر نذیر ، سعید خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس کے شرکاء نے برآمد کنندگان کیلئے فائنل ٹیکس رجیم سے متعلق سٹیک ہولڈرز کے تحفظات دور کئے بغیر اسکے نفاذ کی منظوری پر تشویش کا اظہار کیا۔ عثمان اشرف نے کہا کہ مذکورہ اقدامات سے برآمد کنندگان کو ہراساں کرنے کے دروازے کھل جائیں گے ،فائنل ٹیکس رجیم میں تبدیلی برآمد ات کی تباہی کا سبب بنے گا۔ عثمان اشرف نے کہا وزیرا عظم  اور وزیر خزانہ سے درخواست ہے کہ برآمدی مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کی ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں سے ملاقات کرکے انکے موقف کو سنا جائے۔

ای پیپر دی نیشن