لاہور (کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ تاجر مشکلات کا شکار ہیں تاہم موجودہ حالات میں احتجاج اور ہڑتالوں سے مزید بیگاڑ پیدا ہوگا ۔حکومت سے اپیل ہے کہ بجلی کے ٹیرف کو انصاف پر مبنی بنایا جائے اور لائن لاسز کی قیمت صارفین سے وصول نہ کی جائے ،حکومت تاجر تنظیموں سے مشاورت کو یقینی بنائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے دفتر میں اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر سرپرست اعلیٰ ظہیر بابر،مرکزی جنرل سیکرٹری محبوب علی سرکی،لاہور کے صدر میاں طارق فیروز،سینئر نائب صدور لاہور شیخ اختر،رفعت سنی ،نائب صدور لاہورمرزا اطہر بیگ،چوہدری نوید ، جنرل سیکرٹری نعیم بادشہ ،چیئرمین لاہور عطا ء جٹ، سینئر وائس چیئرمین ملک ناظم بھی موجود تھے۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ بیرونی قرضوں سے ملک کے مسائل بڑھ رہے ، ٹیکسز کی آمدن سود اور قرض ادائیگی پر خرچ ہو جاتی ہے ،حکومت خود انحصاری کیلئے پارلیمنٹ میں بحث کے بعد قومی پالیسی تشکیل دے ، وزارتوں کے اخراجات میں کٹوتی کی جائے ، وفاقی اور صوبائی محکموں کی بیکار اراضی کو کمرشل کرکے آمدن سے قرضے اتارے جائیں۔