لاہور ( خصوصی نامہ نگار) محرم الحرام کی آمد کے حوالے سے منہاج القرآن علماء کونسل کااہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں مرکزی صدر منہاج القرآن علماء کونسل علامہ غلام اصغر صدیقی کی صدارت ہوا جس میں مرکزی، صوبائی و ضلعی عہدیداروں نے شرکت کی۔اجلاس میں صدر منہاج علماء کونسل علامہ غلام اصغر صدیقی نے کہا حق کیلئے قربانی دینا فلسفہ شہادت امام حسین ہے۔ تمام علماء اور مکتب فکر محرم الحرام میں باہمی اتحاد و محبت اور رواداری کا مظاہرہ کر کے محبت اہل بیت اطہار کا ثبوت دیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام یکم تا 10 محرم 100 شہروں میں ’’پیغام امام حسین و اتحاد اْمت کانفرنسز‘‘ منعقد کی جائیں گی اور محرم الحرام کے مہینے کو عظمت اہل بیت اطہار کے طور پر منایا جائیگا۔ اجلاس میں علامہ محمد اشفاق علی چشتی مرکزی ناظم منہاج القرآن علماء کونسل، علامہ سید امداد حسین شاہ، علامہ عامر ندیم، علامہ محمد افتخار گولڑوی، علامہ مفتی محمد رفیق قادری ودیگر علماء نے شرکت کی۔